
اسلام آباد۔۔رپورٹ ۔۔۔شوکت خان

ورلڈ فورم فارپیس اینڈ جسٹس کے چیئرمین اورامریکہ میں مقیم کشمیری رہنماڈاکٹر غلام نبی فائی کے اعزاز میں اسلام آباد میں ایک استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کا اہتمام اقوام متحدہ میں پاکستان کونسل فار سوشل ویلفئیر اینڈ ہیومن رائٹس کےمستقل مندوب ڈاکٹر پیر علی رضا بخاری نے کیا ہے۔

اس موقع پر ڈاکٹر غلام نبی فائی،پیر علی رضا بخاری، حریت کنونئیر محمود احمد ساغر، صدر تحریک کشمیر برطانیہ راجہ فہیم کیانی و دیگر مقررین نے مقبوضہ جموں وکشمیر کی آزادی کے لیے جدوجہد تیز کرنے کا عزم ظاہرکیاہے۔
مقررین نے کہاکہ5اگست 2019 کے غیر قانونی بھارتی اقدامات کے باوجودعالمی سطح پرجموں و کشمیر کی متنازعہ حیثیت میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں کالے قوانین کے نفاذ ،انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، شہریوں کی گرفتاریوں، صحافیوں، انسانی حقوق کے کارکنوں اور سیاسی رہنمائوں کی نظربندوں پر سخت تشویش کا اظہار کیا۔
مقررین نے کہا کہ تنازعہ کشمیر کے منصفانہ اور پائیدار حل کیلئے ضروری ہے کہ کشمیری عوام کو آزادانہ طور پر اپنے حق خودارادیت کے استعمال کا موقع فراہم کیا جائے ۔
انہوں نے دنیا میں حقیقی امن کے قیام کے لیے فلسطین اور جموں و کشمیر کے تنازعات کے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل پرزوردیا۔
مقررین نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے کشمیر ایکشن پالیسی مرتب کرنے کی ضرورت ہے ۔پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کی آوازکوسفارتی سطح پر پوری دنیا میں پہنچایاہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے جاری جدوجہد میں کشمیریوں کی مشکلات اور قربانیوں کو اجاگر کیا ہے۔
تقریب میں حریت رہنما غلام محمد صفی نے ہم پاکستانی ہیں اور پاکستان ہمارا ہے کا نعرے لگایا تو ہال تالیاں سے گونج اٹھا ۔