
اسلام آباد ۔۔۔ ایمن سید کی رپورٹ
پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں آج مارخور کا دن منایا جا رہا ہے جس کا مقصد اس نایاب جنگلی حیات کا تحفظ ہے پاکستان کا قومی جانور ہونے پر مارخور کو یہاں منفرد شناخت حاصل ہے۔۔۔۔
بلند چٹانوں اور کوہساروں پر تیز رفتار قدم اور سر پر منفرد سینگوں کا تاج ۔یہ ذکر ہے پاکستان کے قومی جانور مارخور کا۔۔۔جس کا نام ہی اک دھاک بٹھا دیتا ہے۔پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں پہلی بار آج مارخور کا دن منایا جا رہا ہے جس کی منظوری اس برس 2 مئی کو اقوام متحدہ کی جانب سے دی گئی۔
اس دن کو منانے کا مقصد عالمی سطح پر مارخور جیسے نایاب جنگلی حیات کا تحفظ اور تنوع ہے۔۔۔۔
پاکستان کا قومی جانور ہونے کے باعث یہاں مارخور کو خاص مقبولیت اور شناخت حاصل ہے لیکن دوسری جانب مارخور خطرے سے بھی دوچار ہے غیر قانونی شکار اور ماحولیاتی تبدیلی کے باعث مارخور کی نسل کم ہوتی جا رہی ہے لیکن پاکستان میں حکومتی اور کمیونٹی کاوش سے مارخور کی تعداد دس سال کے دوران ساڑھے تین ہزار سے بڑھ کر پانچ ہزار تک پہنچ گئی ہے۔۔۔
وسطی اور جنوبی ایشیا کے پہاڑی علاقوں بشمول پاکستان افغانستان تاجکستان اور ترکمانستان میں پائے جانے والے نایاب جانور کی نسل کے تحفظ کے لیے عالمی سطح پر کاوش کی ضرورت ہے۔۔۔۔