کشمیری مہاجرین کابھارت کیخلاف مزاحمت میں نئی جان ڈالنے کا اعلان
مظفر آباد ۔۔
آزاد کشمیر میں مقیم مہاجرین کشمیر کے زیر اہتمام مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کیلئے اقوامِ متحدہ سے اپیل کیلئے مظفر آباد میں ریلی نکالی گئی جس میں لوگوں کی بڑی تعدادنے شرکت کی ۔ ریلی کے شرکاء نے بھارتی فوجی قبضے کیخلاف اورپاکستان کے حق میں نعرے لگائے ۔ کشمیری مظاہرین "جس کشمیر کو خون سے سینچا وہ کشمیر ہمارا ہے” "بھارتیو غاصبو جموں کشمیر چھوڑ دو” "ہم چھین کے لیں گے آزادی” جیسے نعرے لگا رہے تھے۔
ریلی کشمیری میں شریک لوگوں نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر اقوام متحدہ سے مسئلہ کشمیر کے حل کی اپیل درج تھی۔ ایک بڑے” بینر پر گو انڈیا گو بیک ” کی تحریر درج تھی۔
مقررین نے اقوامِ متحدہ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ سلامتی کونسل کی پاس شدہ قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کیلئے فوری اقدامات اٹھائے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام مقبوضہ ریاست جموں کشمیر کی مسلم شناخت اور تشخص کیخلاف بھارتیہ جنتا پارٹی کے تمام ہتھکنڈوں ، سازشوں اور حربوں کو مسترد کرتے ہیں ۔
ریلی کے شرکاء نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ آزاد کشمیر کے عوام اور مہاجرین کو بھارتی سامراجی کے خلاف مزاحمت کا اختیار سونپ دے۔
ریلی کے شرکاء نے شہید وانی چوک سے اقوامِ متحدہ کے مبصر دفتر تک پیدل مارچ کیا۔