
نیور انڈر اسٹیمیٹ می،، یہ ڈائیلاگ بالی ووڈ کے اسٹار سلمان خان کے بجائے سوشل میڈیا پر فٹ بیٹھتا ہے جس کی بدولت دنیا کومختلف شعبہ ہائے زندگی سے کئی اسٹارز ملے ہیں. سوشل میڈیا کے ذریعے نہ صرف آن لائن کاروباری سرگرمیوں میں تیزی آرہی ہے بلکہ عام اور دور دراز علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو بھی اپنی صلاحیتیں منوانے کا موقع مل رہا ہے. کشمیر کی حرمت ارشا اور گلگت بلتستان کی علیحہ شاہ اس کی تازہ مثالیں ہیں…
حرمت اور علیحہ تقریباً ہم عمر ہیں اور دونوں کی کہانیاں بھی ایک جیسی ہیں.
حرمت ارشاد بٹ وادی کشمیر کے ضلع بارہ مولا کے علاقے زینگیر سے تعلق رکھتی ہیں. ان کا گاوں پازل پورہ ہردو شیواہ ہے. اسی گاوں کے گراؤنڈ نے حرمت کو پورے انڈیا میں شہرت دلا دی .
8سالہ حرمت اپنے بھائی اور ہم عمر بچوں کے ساتھ کرکٹ کھیل رہی تھی کہ اسی دوران وہاں کے مقامی نوجوان نے اس کی متاثرکن کرکٹنگ شارٹس دیکھ کر چھوٹی سی ویڈیو کلپ بنائی اور نیکی کر دریا میں ڈال قول کو عملاتے ہوئے شوشل میڈیا پر ڈال دی.. پھر کیا تھا ویڈیو اتنی وائرل ہوئی کہ بھارت کے مہان کرکٹر سچن ٹینڈولکر سمیت کئی کرکٹر تک پہنچ گئی. سچن نے ویڈیو ری ٹویٹ کرتے ہوئے حرمت کے ٹیلنٹ کو سراہا.. بس پھر حرمت کی گویا قسمت کھل گئی..
ننھی حرمت ٹی وی اسکرینز کی زینت بنی اور کئی اداروں اور کرکٹز نے ان کی تربیت کی ذمہ داری ذمے لے لی..
بتایا جارہا ہے حرمت ارشاد کو اپنے دادا نے کرکٹ کھیلنا سکھایا. چونکہ پازل پورہ چھوٹی سی بستی ہے مگر ہمیشہ یہاں کے نوجوانوں میں کرکٹ پہلا پیشن رہا. یہ میرا پڑوسی گاوں ہے اور یہاں کا گراونڈ کھیل کیلئے دونوں گاوں کا مشترکہ میدان ہے.
مجھے یاد ہے لڑکپن اور ابھرتی جوانی میں جب ہم بھی یہاں کرکٹ کھیلا کرتے تھے تو پازل پورہ کی ٹیم کے ہارڈ ہٹر بلے بازوں اور تیز گیند بازوں کا خوف مخالف ٹیموں پر سوار رہتا تھا. یہاں کے لڑکے محنتی اور سخت جان تھے. ان کی ٹیم کم وسائل میں بہترپرفارمنس دیتی تھی. پازل پورہ کی ٹیم میں ہی کوئی جے سوریا ہوتا تھا کوئی سعید انور تو کوئی شعیب اختر. وغیرہ وغیرہ.
مجھے قوی یقین ہے کہ انہیں جے سوریا اور سعید انور جیسے مقامی کرکٹرز کی فیملی سے ہی حرمت نے بھی جنم لیا ہوگا.
حرمت پیدائشی طور پر پراپر کرکٹر ہیں. ان کا بلا اے بی ڈیلورز کی طرح ہر طرف گھومتا ہے. وہ جب کھیلتی ہے تو لگتا کوئی میچور کھلاڑی باولرز کو دھو رہا ہے.
حرمت کرکٹ میں بھارتی خاتون کرکٹر میتھالی راج کی طرح نام کمانا چاہتی ہیں.
حرمت کی طرح ہنزہ کی چھ سالہ علیحہ شاہ کا ٹیلنٹ بھی سوشل میڈیا کے ذریعے سامنے آچکا ہے. گوری رنگت والی یہ ننھی شہزادی سوینگ کے سلطان وسیم اکرم کی طرح بال کو گھماتی ہے. علیحہ کا پاکستانی لیجنڈ وسیم اکرم کی طرح کا بولنگ ایکشن کرکٹر کی نظر میں آچکا ہے. علیحہ بیٹنگ ٹیلنٹ بھی کچھ کم نہیں ہے.
علیحہ کو آجکل خوب پذیرائی مل رہی ہے. عین ممکن ہے کسی ادارے نے ان کے ٹیلنٹ کو مزید نکھارنے کیلئے حامی بھی بھر لی ہوگی..
علیحہ شاہ وسیم اکرم کو پسند کرتی ہیں.
حرمت اور علیحہ، یہ دونوں بچیاں مستقبل میں دنیا کرکٹ میں خوب نام کماسکتی ہیں اور کسی نا کسی دن دونوں آمنے سامنے بھی ہوں گی… پھر مقابلہ سوینگ اور 360 ڈگری شارٹس کا. یعنی پاکستانی باولر ہوگی اور ہندوستانی بیٹر…