
کرگل۔۔ نثار کرگلی
بھارت کے لوک سبھا الیکشن میں لداخ کی نشست پریہاں کے آزاد امیدوار حاجی محمد حنیفہ جان جیت گئے ۔

اس حلقے میں حاجی محمد کے مد مقابل کانگریس کے چھرینگ نمگیال اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے تاشی گیالسن تھے۔ حنیفہ جان کو کرگل کی سیاسی اور مذہبی قیادت نے ایک متفقہ امیدوار کے طور کھڑا کیا تھا۔ انکی نامزدگی کے بعد جن دیگر افراد نے بطور آزاد امیدوار فارم بھرے تھے، انہوں نے اپنے کاغذات واپس لیکر حمایت کا اعلان کیا تھا۔
حاجی حنیفہ کو حلقے میں 64 ہزار سے زائد ووٹ ملے۔ نمگیال 35 ہزار اور گیالسن 31 ہزار ووٹ لیکر دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے۔
کرگل اور لیہہ کے مسلم علاقوں سے حاجی حنیفہ کو مکمل تائید حاصل تھی جسکی وجہ سے انکی جیت یقینی ہوگئی ہے۔
حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کیلئے لداخ کی سیٹ کا خسارہ ایک صدمے سے کم نہیں ہوگا۔ وزیر داخلہ امیت شاہ نے اس سیٹ کو بچانے کیلئے ذاتی طور کوششیں کی تھیں اور کئی لیڈروں کو نتائج بھگتنے کی دھمکیاں بھی مل گئی تھیں لیکن اسکے باوجود عوام کا فیصلہ تبدیل نہیں ہوسکا۔
واضح رہے کہ جموں و کشمیر کی تقسیم اور لداخ کو ایک علیحدہ یونین ٹیریٹری بنانے کے فیصلے کی کرگل میں مخالفت ہوئی ہے۔ کرگل کے لوگ کشمیر وادی کے ساتھ منسلک رہنے کو ترجیح دے رہے ہیں اور اس حوالے سے انہوں نے اگست 2019 میں مرکزی حکومت کے فیصلے کے خلاف احتجاج کیا تھا۔