
اسلام آباد ہائیکورٹ میں عدالتی رپورٹنگ پر پابندی کیخلاف جرنلسٹ ایسوسی ایشن کی درخواست پر سماعت ہوئی ہے ۔ درخواست گزار فیاض محمود ، رضوان قاضی اور عقیل افضل عدالت میں پیش ہوئے ۔ دوران سماعت چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے عدالتی رپورٹنگ پر کوئی پابندی نہیں ہے، میڈیا عدالتی کارروائی کو رپورٹ کرسکتا ہے،پابندی رپورٹنگ پر نہیں غیر زمہ دارانہ رپورٹنگ پر ہے،صرف سنسنی خیز ٹکر چلانے پر مسئلہ ہوتا ہے۔
اس دوران پیمرا نے عدالت میں جواب جمع کروا دیا۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا وفاقی حکومت کا اس معاملے سے تعلق ہے؟
ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل نے بتایا کہ یہ پیمرا کا معاملہ ہے وفاقی حکومت کا تعلق نہیں ہے
وکیل عمراعجاز نے کہا پیمرا نے جس قانون کا سہارا لیا ہے اس میں زیر سماعت مقدمات رپورٹ کرنے پر پابندی نہیں ہے، عدالت نے آئندہ سماعت پر حتمی دلائل طلب کرتے ہوئے سماعت گیارہ جون تک ملتوی کردی