
فلسطین کی ایک معصوم اور مظولم بچی نے اپنے ویڈیو پیغام سے دنیا کو ہلاکر رکھ دیا ہے ۔ بچی نے عالمی رہنماوں کو پیغام دیا ہے کہ میں نہ اس دنیا میں اور نہ آخرت میں آپ کو معاف کروں گی۔
غزہ کے التابعین اسکول پر اسرائیلی بمباری سے ایک سو سے زائد افراد کے شہید ہونے کے بعد سامنے آنے والی ایک ویڈیو کلپ میں بچی کہتی ہے ہم اب تھک چکے ہیں، تمام بچے اور جوان اب تھک چکے ہیں، بس بہت ہوگیا۔
معصوم اور مظلوم بچی جس کی آنکھوں میں آنسو رواں ہیں ، عرب ممالک کو مخاطب کرتے ہوئے کہتی ہے کہ کیا عرب ممالک ہمیں دیکھ رہے ہیں؟ کیا ہماری مشکلات دیکھ کر انہیں تسکین ملتی ہے؟
بچی نے کہا کہ یہاں روز ملبے تلے بچے مارے جاتے ہیں، ان کے ہاتھ پیر کٹ جاتے ہیں، ان کے سر کچلے جاتے ہیں۔
بچی نے کہا کہ میں آپ سے بس یہی کہوں گی کہ میں نہ اس دنیا میں آپ کو معاف کروں گی اور نہ آخرت میں اور میں اپنے رب سے بھی کہوں گی کہ وہ بھی آپ کو معاف نہ کرے۔