آئینی ترمیم کا مقصد مجھے جیل میں رکھنا ہے،عمران خان
تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے کہا ہے کہ آئینی ترمیم کا صرف اور صرف مقصد مجھے جیل میں رکھنا ہے۔
اڈیالہ جیل راولپنڈی میں گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ آئینی عدالت کا قیام اس لیے عمل میں لایا جا رہا ہے کیونکہ یہ سپریم کورٹ سے ڈرے ہوئے ہیں، نئی ترامیم سے ملک کا مستقبل تباہ ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ آئینی ترمیم کا صرف اور صرف مقصد مجھے جیل میں رکھنا ہے، حکمرانوں نے عدلیہ کا بیڑا غرق کرنے کافیصلہ کیا ہے، الیکشن فراڈ چھپانے کے لیے یہ سب کچھ کیا جارہا ہے، یہ ڈرے ہوئے ہیں کہ اگر الیکشن کھل گیا تو سب کچھ ریورس ہو جائے گا۔
عمران خان نے کہا کہ رول آف لاء کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں اس سے بڑا ظلم ملک پر نہیں ہو سکتا، نیب ترامیم میں انہوں نے اپنے اربوں روپے معاف کروا کر اپنی چوری کو تحفظ دیا، یہ سب کچھ ملکی مفاد کے خلاف ہو رہا ہے ججز کو دھمکیاں،لوگوں کو اغوا کرنا،ایک سیاسی جماعت کو ختم کرنے سے سیاسی عدم استحکام بڑھے گا۔
عمران خان کا کہنا تھا کلہ ترمیم لانے والوں کے پیسے باہر پڑے ہوئے ہیں، حکومت میں بیٹھے لوگ عدلیہ کو آزاد نہیں دیکھنا چاہتے، اشرافیہ کا مفاد اور ملکی مفاد آپس میں متضاد ہیں، 6 ماہ میں 4 ہزار پاکستانی کمپنیاں دبئی میں رجسٹرڈ ہوئیں، ان کو تو فرق نہیں پڑنا ان کا پیسہ اور جائیدادیں باہر ہیں، محسن نقوی کی اہلیہ کی 500 ملین ڈالر کی پراپرٹی دبئی لیکس میں سامنے آئی اب ہم قرضے لیکر ملک چلارہے ہیں اسی لئے مہنگائی قابو میں نہیں آرہی۔