
مظفر آباد ۔۔۔
مسلم کانفرنس نے پاکستان اور آزاد کشمیر کو ملانے والے مقام کوہالہ پر قومی ہیروز کی تصویریں اور قومی پرچم کی توہین،لفظ پاکستان مٹانے والوں کو 48گھنٹوں کے اندر اندر گرفتار کرنے کا مطالبہ کردیا۔ مسلم کانفرنس نے 48گھنٹے بعد ریاست گیرپہیہ جام ہڑتال کرنے کی کا علان بھی کردیا ۔
گزشتہ روز مسلم کانفرنس نے آزادکشمیر بھرمیرپور،کوٹلی،راولاکوٹ،بھمبر، اٹھمقام،ہٹیاں بالا،دھیرکوٹ، سدھنوتی، سماہنی کے علاوہ پاکستان میں بسنے والے مقیم مسلم کانفرنسی رہنماؤں نے اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا۔
مسلم کانفرنس ضلع مظفرآباد کے زیراہتمام مرکزی چیف آرگنائزر راجہ ثاقب مجید کی زیرصدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں ایکشن کمیٹی کے دھرنے میں شرپسندوں نے پاکستان کے قومی پرچم،قائداعظم محمدعلی جناح اور سابق صدر ووزیراعظم اور سابق چیئرمین کشمیرکمیٹی اور تحریک آزادی کشمیر کے ہیرو مجاہد اول سردارمحمدعبدالقیوم خان کی تصویر اور پاکستان کا نام کوہالہ پل سے مٹانے کی شدید مذمت کی گئی ۔ اجلاس میں کہا گیا کہ حکومت آزاد کشمیر، حکومت پاکستان،آرمی چیف جنرل سیدعاصم منیر اس واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ان شرپسندوں کیخلاف کارروائی کرکے قرار واقعی سزا سنائی جائے۔
چند شرپسندعناصر کی طرف سے ایکشن کمیٹی کے احتجاج میں قومی پرچم اور قومی ہیروز کی بے حرمتی ناقابل برداشت اقدام ہے ۔ جس کیخلاف فوری کارروائی کی جائے اس اقدام کیخلاف آزادکشمیر کے ریاستی باشندے بھی شدید تشویش کااظہار کررہے ہیں اور اس واقعہ کی انکوائری کا مطالبہ کررہے ہیں۔
اجلاس میں کہا گیا کہ احتجاج کے نام پرقومی ہیروز کی بے حرمتی کسی صورت قبول نہیں ایسے ہی شرپسند عناصر نے ہی مسلح افواج پاکستان کے ہیروز کی بے حرمتی کی تھی۔
اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ اگر48گھنٹے کے اندر جو کل شام تک مکمل ہونگے اگراس وقت تک انہیں گرفتارکر کے انہیں سز ا نہ دی گئی تو11دسمبر بروز بدھ صبح نو بجے مسلم کانفرنس مظفرآباد ڈویژن سمیت آزادکشمیر کے تمام اضلاع میں پہیہ جام ہڑتال کرے گی۔