
پاک فوج نے پی ٹی آئی سے ڈیل کا واحد راستہ غیرمشروط اور صدق دل سے معافی مانگنا قرار دے دیا۔ راولپنڈی میں پریس کانفرنس کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ جو جماعت،تنظیم یا گروہ فوج پر حملہ کرے، قومی تنصیبات کو جلائے، شہیدوں کے یادگاروں کی بے حرمتی کرے، ایسے نفرت اور تقسیم کی سیاست کرنے والوں سے کوئی ڈھیل نہیں ہو سکتی۔ زہریلہ پروپیگنڈا کرنے والے صدق دل سے نفرت انگیز سیاست سے توبہ کر لے۔
پاک فوج کے سربراہ میجر جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے کہ 9 مئی فوج کا نہیں پوری قوم کا مقدمہ ہے۔ ایک منظم انداز میں قوم کے جوانوں کو ورغلا کر فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ قومی املاک جلائی گئیں، قومی ہیروز کی تصویریں جلا کر ان کا تقدس پامال کیا گیا۔ جوڈیشل کمیشن تب بنایا جاتا ہے جہاں حقائق معلوم نہ ہو، 9 مئی کے حوالے سے سب کچھ قوم کے سامنے آچکا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے کہ آزادی اظہار رائے کے نام پر قومی مفاد کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، قومی تشخص کو تارتار کرنا، اخلاقیات تباہ کرنا اظہار رائے کی اجازت نہیں۔ فریڈم آف اسپیچ کے نام پر فوج، عدلیہ اور دیگر اداروں پر حملوں کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ جھوٹ پر جھوٹ اور فریب اظہار رائے کی اجازت نہیں۔