
ملک میں مہنگائی گزشتہ نو سال کی کم ترین سطح پرآگئی ۔۔ رواں سال جنوری کے مہینے میں مہنگائی کی سالانہ شرح 2.4 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق مہنگائی شہری علاقوں میں 2.7 فیصد جبکہ دیہی علاقوں میں 1.9 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ گزشتہ ماہ آلو 28 فیصد، ٹماٹر 21 فیصد، سبزیاں 20 فیصد تک سستی ہوگئی ۔۔ اسی طرح جنوری میں انڈے 14 فیصد، پیاز 14 فیصد اور دال ماش کے دام 2.63 فیصد تک گر گئے۔ بیسن، دال چنا، سفید چنے، گندم کی مصنوعات، مشروبات اور گندم بھی سستی ہوئی۔ خشک میوہ جات، دال مسور، پوسٹل سروسز، بجلی اورتعمیراتی سامان کی قیمتیں بھی کم ہوئیں۔ رپورٹ کے مطابق جنوری میں چکن 35.36 فیصد ، دال مونگ 5.43 فیصد ، مچھلی 5 فیصد اورکوکنگ آئل 3.92 فیصد مہنگا ہوا۔ اسی طرح گھی 2.61 فیصد اورشہد 1.67 فیصد تک مہنگا ہوا۔