
اسلام آباد ۔۔۔ جماعت اسلامی نے حکومت کیخلاف ملک گیر احتجاجی تحریک کا اعلان کردیا ۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے ماہ رمضان کے بعد ملک گیر احتجاجی تحریک کا آغاز کریں گے،بڑی شاہراہوں پر دھرنے، گورنرز اور وزرائے اعلیٰ ہاؤسز کے گھیراؤ کریں گے۔
ایک بیان میں حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ لانگ مارچ کی کال دیں گے، پورے ملک سے قافلے نکلیں گے،کسان، مزدور، طلبا سمیت عوام کی بڑی تعداد اپنے حقوق کے لیے نکلیں گے،ہر طبقہ بجلی کی قیمتوں میں کمی اور آئی پی پیز کے خلاف پرامن مزاحمتی جدوجہد کا حصہ ہوں گے،
انہوں نے کہا ہے کہ حکومت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا جائے گا، ملک کا نظام بوسیدہ ہو چکا ہے،پیکا قانون کا پہلا شکار جماعت اسلامی مانسہرہ کے امیر کو بنایا گیا،آزادی اظہار رائے پر قدغن کے اس قانون کو ایک دفعہ پھر مسترد کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی ملک میں آئی ٹی کا انقلاب برپا کررہی ہے۔ لاکھوں بچوں بچیوں کو مفت آئی ٹی کورسز کروا کے انہیں روزگار کے قابل بنائیں گے۔ حکمران آئی پی پیز کو ہزاروں ارب دینے کے لیے تیار، نوجوانوں کو مفت تعلیم نہیں دے سکتے۔۔۔