
جدہ :سعودی عرب کے شہر جدہ میں جموں و کشمیر اور سیز کوآرڈینیشن کونسل کے صدرانجینئر عارف شیخ نے سابق امیر جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر اور مشیر امور کشمیر امیر جماعت اسلامی پاکستان عبدالرشید ترابی کے اعزاز میں افطار ڈنر کا اہتمام کیا جس میں مسعود پوری ، راجہ ریاض ، سردار اقبال اور کمیونٹی کے دیگر لیڈرز و افراد شریک ہو ئے ۔
اس موقع پر عبدالرشید ترابی نے شرکاء کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی موجودہ تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دی۔ عبدالرشید ترابی نے سوال وجواب کی اس نشست میں مقبوضہ جموں و کشمیر، پاکستان اور عالم اسلام سے متعلق مودی کے مذموم مگر خوفناک عزائم بے نقاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت پوری دنیا میں مسلمانوں کی حالت ناگفتہ بہہ ہے،جہاں غزہ میں صہیونی اسرائیلی بربریت سر چڑھ کر بول رہی ہے،وہیں مقبوضہ جموں وکشمیر میں برہمن سامراج کشمیری عوام کا قتل عام کرنے میں ملوث ہے۔
انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے مقبوضہ جموں و کشمیر پر اپنے غیر قانونی قبضے کو دوام بخشنے کیلئے5 اگست 2019 میں کشمیری عوام کی شناخت پر ایک کھلا حملہ شروع کیا۔اسی غیر آئینی اور غیر قانونی حملے کے تناظر میں تو اب کشمیری عوام کی پشتنی جائیداد واملاک اور گھروں پر آئے روز قبضہ ،کشمیری مسلمان ملازمین کو ان کی نوکریوں سے برطرف اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی مسلم شناخت کو ہندو اقلیت میں تبدیل کرنے کی مذموم کوششوں کا سلسلہ جاری ہے۔جس پر روک لگانا عالمی برادری اور اقوام متحدہ پر فرض ہے۔انہوں نے شرکاء کی توجہ مبذول کراتے ہوئے کشمیری مسلمانوں کے ناقابل تسخیر جذبہ حریت کی تفصیلات سے انہیں آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ باہر کی دنیامیں مقیم افراد جماعتی اور تنظیمی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر حق خودارادیت کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے پر اپنی توانیاں صرف کریں،تاکہ مظلوم کشمیری عوام کی داد رسی کیلئے کوششوں کو بروئے کار لایا جاسکے۔ انہوں نے کمیونٹی کے افراد کا جدہ کے سفارتی حلقوں اور OIC میں لابنگ پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کاوشوں کو بھرپور طریقے سے بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔