
اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی ائی سے ملاقات کا دن ،سلمان اکرم راجاسمیت نیاز اللہ نیازی اور بابر اعوان نے ملاقات کی ۔ تاہم بانی پی ٹی کی بہن علیمہ خان کی ملاقات نہ ہو سکی۔۔۔۔ علیمہ خان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ آج جیل میں فیملی کی ملاقات کا دن ہے، بشریٰ بی بی کی فیملی کو ملاقات کا موقع دیا گیا ،لیکن ہم تینوں بہنوں کو ملاقات نہیں دی گئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے مرضی کے لوگوں کی ملاقاتیں کروائی جارہی ہیں، جو لوگ بانی سے ملنا چاہتے ہیں ان کو نہیں ملنے دیتے۔
ملاقات کے بعد راولپنڈی میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں سلمان اکرم راجا نے کہا کہ ہماری بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی، اُن کی بہنوں کو اجازت نہیں ملی۔ بہنوں کی ملاقات نہ کرانے پر توہین عدالت کی درخواست دائر کریں گے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اعظم سواتی بھی ملاقات نہ ہونے پر شکوہ کناں نظر آئے۔بولے رہا ہونے کے بعد احتیاط کر رہا ہوں،بانی پی ٹی آئی جن سے ملنا چاہتے ہیں ان کو ملنے نہیں دیا جا رہا، بانی جن سے نہیں ملنا چاہتے ان کی ملاقات کروائی جاتی ہے۔