
اسلام آباد۔۔۔۔ انتظار حیدری
بھارت کی بربریت اور جارحیت کیخلاف پاکستان قوم متحد ہے۔۔ پاکستان میں آج یوم جمعہ کو یوم دفاع وطن کے طور پر منایا گیا ۔۔ ملک کی تین بڑی سیاسی و مذہبی جماعتوں کی کال پر پاکستان کی افواج کے ساتھ اظہار یکجہتی کی گئی اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان کا بچہ بچہ پاک فوج کے شانہ بہ شانہ کھڑا ہے ۔
جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان ، علامہ ساجد نقوی اور جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر یوم جمعہ کو یوم عزم و دفاع کے طور پر منایا گیا، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف حصوں میں ریلیاں اور اظہار یکجہتی مظاہرے کئے گئے، اجتماعات جمعہ میں مذمتی قراردادوں کیساتھ ملکی سلامتی کیلئے دعائیں، دفاع وطن کیلئے تن من دھن قربان کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا
نماز جمعہ کے اجتماعات میں مذمتی قراردادوں ملکی سلامتی کیلئے دعاؤں کیساتھ بعد از نماز احتجاجی مظاہرے اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔ نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہ ہوئے جے یو آئی کے سیکریٹری جنرل مولانا غفور حیدری کا کہنا تھا کہ بھارت جنگ چھیڑ چکا، اب بھارت کو سبق سکھانے کا وقت آگیا، مودی کو ایسا سبق ملنے والا ہے پھر کبھی جنگ کا نام نہیں لے گا
جماعت اسلامی کے زیر اہتمام مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بھارت سن لے اسکا مقابلہ صرف پاک فوج نہیں بلکہ 25 کروڑ عوام سے ہوگا، ہمارے پاس ایف سولہ، جے ایف تھنڈر کیساتھ ایمان کی طاقت ہے۔۔ انجمن تاجران کے کاشف چوہدری بولے پاکستان کے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، مودی اور گودی میڈیا بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکے۔ احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں میں پاک فوج سے بھرپور اظہار یکجہتی کرتے ہوئے پاک فوج زندہ باد، پاکستان پائندہ باد کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے گئے ۔۔۔۔۔۔