
سری نگر ۔۔۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر مؤثر انداز میں اجاگر کرنے میں کامیاب ہوگیا ہے۔ ایک بھارتی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے عمر عبداللہ کا کہنا تھا کہ پاک بھارت جنگ کے بعد بہت سے حالات تبدیل ہو چکے ہیں، تاہم اگر کچھ نہیں بدلا تو وہ پاکستان کا مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اٹھانے کامنصوبہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان پرحملے سےپہلگام واقعے کے متاثرین کو انصاف تو نہیں ملا مگر پاکستان مؤثر طریقے سے کشمیر کے مسئلے کو عالمی ایجنڈے پر لے آیا ہے۔ عمر عبداللہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ موجودہ حالات ہمیں ایسے موڑ پر لے آئے ہیں جس کی توقع پہلے نہیں کی جا سکتی تھی اور اب امریکہ بھی مسئلہ کشمیر میں ثالثی یا نگران کردار ادا کرنے میں دلچسپی ظاہر کر رہا ہے۔