
اسلام آباد: محمد شہباز
کشمیر کمپین گلوبل کے چیئرمین اور برطانیہ میں کشمیری ڈائسپورہ کے سرکردہ رہنما ظفر احمد قریشی نے کہا کہ آج جب مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام دس لاکھ مسلح بھارتی فوجیوں کے نرغے میں ہیں اور بھارتی فوجی بربریت اہل کشمیر کو قدم قدم پر پریشاں اور ان کی زندگی اجیرن بناچکی ہے ‘ لیکن جبر کے ان حالات میں بھی مقبوضہ جموں و کشمیر کے مسلمان آج ارض فلسطین کے اپنے مظلوم اور محکوم بھائیوں کیساتھ نہ صرف کھڑے ہیں بلکہ صہیونی اسرائیلی درندگی اور وحشیانہ مظالم کی مذمت میں پیش پیش ہیں۔
ان خیالات کا اظہار ظفر احمد قریشی نے پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد میں امام مسجد اقصی کیساتھ ملاقات کے دوران کیا ہے۔ملاقات میں کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر. شاخ کے رہنما شیخ عبدالمتین بھی موجود تھے۔دونوں رہنمائوں نے امام مسجد اقصی کیساتھ گفتگو کے دوران کہا کہ دونوں مقبوضہ خطوں میں برہمن اور صہیونی سامراج معصوم کشمیری اور فلسطینی عوام کی نشل کشی میں ملوث ہیں اور دینا خاموش تماشائی بن کر بدترین غفلت اور مجرمانہ کردار ادا کررہی ہے۔البتہ نہ کشمیری اور نہ ہی فلسطینی عوام ان ظالم اور جابر قوتوں کے سامنے سرنگوں ہوتے ہیں بلکہ عظیم اور لازوال قربانیوں کی تاریخ رقم کررہے ہیں۔
انہوں نے غزہ میں اہل فلسطین کی بیش بہا قربانیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ یہ قربانیاں امت مسلمہ کی سوئی ہوئی قیادت کو بیدار کرنے کا باعث بنیں گئیں۔ انہوں نے اہل کشمیر اور اہل فلسطین کی قربانیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ برہمن اور صہیونی سامراج آپس میں مسلمانوں کو قتل کرنے میں ہم آہنگی رکھتے ہیں’ جس کا مشاہدہ حالیہ پاک بھارت جنگ میں بھارت کو اسرائیلی ڈورن کی فراہمی سے کیا گیا ہے۔ ملاقات میں مل کر کام کرنے اور مسئلہ کشمیر و مسئلہ فلسطین کو ہر عالمی پلیٹ فارم پر اجاگر کرنے کا عزم ظاہر کیا گیا۔ انہوں نے کہ ہمیں اپنے اسٹریٹجک اہداف کو ہم آہنگ کرنا چاہیے اور یہ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔
ملاقات میں جہاں مملکت خداداد پاکستان کی سلامتی’ امن و استحکام اور ہر میدان میں کامیابی کیلئے دعا کی گئی وہیں پاک افواج کے سپہ سالار فلیڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کی مدبرانہ قیادت اور بروقت فیصلوں کو سراہتے ہوئے کہا گیا کہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں جنرل عاصم منیر نے پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور وقار کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے جس سے پوری دنیا میں پاکستان کے عزت و وقار میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔امام مسجد اقصی نے دونوں کشمیری ر ہنمائوں کی اہل فلسطین کیساتھ اظہار یکجہتی پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔