
اسلام آباد ۔۔عمر بٹ
آزاد کشمیر میں کوٹہ سسٹم ختم کرکے اوپن میرٹ کو بحال کرنے کے عدالتی فیصلے پر آل پارٹی حریت کانفرنس کا رد عمل بھی سامنے آگیا ہے ۔ حریت کانفرنس نے مہاجرین کو ویٹ اینڈ سی پالیسی اپنانے کو مشورہ دے دیا ۔
حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر/ پاکستان کے کنوینر غلام محمد صفی نے مہاجرین 1989 کے 6 فیصد کوٹہ کے خاتمے کے عدالتی فیصلے پر تمام مہاجرین سے استدعا کی ہے کہ وہ اس فیصلے سے مایوس نہ ہوں بلکہ اپنی قیادت کی اجتماعی رائے کے ساتھ جڑے رہیں اور جلد بازی میں از خود کوئی فیصلہ کرنےکے بجائے قیادت کے اگلے قدم کا انتظار کریں۔
چھ فیصد کوٹہ کا خاتمہ۔۔مظلوم طبقات کے پاؤں تلے سے زمین سرک گئی
انہوں نے اپنے اس یقین کا اظہار کیا کہ مہاجرین کی قیادت عدالتی فیصلے کے خلاف آئینی اور قانونی راستہ اپنانے کے لئے مشاورتی عمل کو بغیر تاخیر تکمیل تک پہنچائے گی۔ انہوں نے مہاجرین اور ان کی قیادت کو حریت کانفرنس کے وکلاء کی ٹیم کے بھر پور تعاون کا بھی یقین دلایا۔
یاد رہے گزشتہ روز آزاد کشمیر ہائیکورٹ نے کوٹہ سسٹم کیخلاف مختلف درخواستوں کو نمٹاتے ہوئے اوپن میرٹ بحال کرنے کا حکم دیا ہے ۔ عدالت نے کوٹہ سسٹم کو غیر آئینی اور غیر اسلامی قرار دیا ہے ۔
اس عدالتی فیصلے کو مہاجرین مقیم پاکستان و مہاجرین 1989 نا انصافی قرار دے رہا ہے جبکہ فیصلے کیخلاف احتجاج کا اعلان بھی ہوچکا ہے ، سوشل میڈیا پر بھی اس فیصلے کیخلاف سخت تشویش کا اظہار کیا جارہا ہے ۔