اسلام آباد
حریت کانفرنس کے کنوینرغلام محمد صفی سابق وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کو مسئلہ کشمیر پر جرات مندانہ اور اصولی بیانیہ اپنانے پر خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ عالمی پیچیدگیوں اور بھارت کی جانب سے مسلسل بدلتی ہوئی جابرانہ پالیسیوں کے تناظر میں چوہدری انوار الحق کا واضح، توانا اور حقیقت پر مبنی مؤقف نہ صرف کشمیری عوام کی امنگوں کا ترجمان بلکہ تحریکِ آزادی کشمیر کے تقاضوں سے بھی مکمل ہم آہنگ رہا۔
غلام محمد صفی نے بیان میں کہا کہ حکومتِ آزاد کشمیر کی جانب سے اپنے وسائل کو تحریکِ آزادی کے تقویت بخش کردار کے لیے مختص کرنا وقت کی اشد ضرورت ہے۔ اس حوالے سے سابق وزیراعظم کی جانب سے اختیار کی گئی پالیسی ایک ایسے راستے کی نشاندہی کرتی ہے جس پر کاربند رہ کر آزاد کشمیر ایک موثر، ذمہ دار اور فعال بیس کیمپ کا کردار ادا کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام ان اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور حریت کانفرنس اس جرات مندانہ مؤقف کو بھرپور سراہتی ہے۔
غلام محمد صفی نے نو منتخب وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ مسئلہ کشمیر کی سنگین اور حساس صورتحال کو مدِنظر رکھتے ہوئے تحریکِ آزادی کشمیر کو اپنی حکومتی ترجیحات میں سرفہرست رکھیں گے۔
انہوں نے آخر میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس کشمیری عوام کی نمائندہ آواز کے طور پر اپنا سفر پوری ثابت قدمی، جرأت اور سیاسی بصیرت کے ساتھ جاری رکھے گی اور آزاد کشمیر کی حکومت۔مہاجرین اور سیاسی ومذہبی جماعتوں کے ساتھ قریبی تعلق رکھ کر اور ہم آہنگ ہوکر جدوجہدِ آزادی کے تقاضوں کو پورا کرتی رہے گی۔