وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی کا بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی کا دورہ
راولپنڈی: مقصود منتظر:وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی اور سیکرٹری زراعت افتخار علی سہو نے بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں وائس چانسلر اور متعلقہ افسران نے ان کا استقبال کیا۔
دورے کے دوران وزیر زراعت نے سنٹر فار پرسیژن ایگریکلچر، پاک چین جدید زرعی تحقیق مرکز اور ہائیڈروپونک یونٹ سمیت مختلف تحقیقی مراکز کا معائنہ کیا اور جاری منصوبوں پر بریفنگ لی۔
وزیر زراعت نے کہا کہ پائیدار زرعی ترقی کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کے درمیان تعاون اور مضبوط روابط انتہائی ضروری ہیں۔ انہوں نے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور تحقیقی پیش رفت پر یونیورسٹی کے کردار کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ ایسی کاوشیں صوبے میں جدید زراعت کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گی۔
اس موقع پر سیکرٹری زراعت افتخار علی سہو نے بتایا کہ صوبے میں جدید زرعی نظام کو فروغ دینے کے لیے تین ریجنل ایگریکلچر فورمز قائم کیے جا چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نادرن ریجنل فورم کی سربراہی بارانی یونیورسٹی راولپنڈی کے وائس چانسلر کر رہے ہیں، جبکہ سنٹرل فورم کی قیادت زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور سدرن فورم کی سربراہی ملتان زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے پاس ہے۔
پراسرار بیماری میں مبتلا پاکستانی بچے کا چین میں کامیاب علاج
ان فورمز کا مقصد علاقائی موسمی حالات اور فصلوں کے پیٹرنز کو مدنظر رکھتے ہوئے زرعی مسائل کی سائنسی بنیادوں پر نشاندہی کرنا اور ان کے حل کے لیے عملی تجاویز فراہم کرنا ہے۔
وزیر اور سیکرٹری زراعت نے یونیورسٹی انتظامیہ کی تحقیق اور ترقی کے شعبے میں خدمات کو سراہا اور اسے صوبے میں جدید، ہائی ٹیک اور پائیدار زراعت کے فروغ کی جانب اہم قدم قرار دیا۔