رفاہ یونیورسٹی کا بیسواں کنوکیشن،دوہزار860طلبہ میں ڈگریاں تقسیم
اسلام آباد۔۔۔۔۔۔۔احمد نوازخان : رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کا 20واں کنوکیشن اسلام آباد کنونشن سینٹر میں شاندار انداز میں شروع ہوگیا۔ دو روزہ تقریب میں مجموعی طور پر 2,860 طلبہ کو ان کی علمی کارکردگی، محنت اور لگن کے اعتراف میں ڈگریاں دی جائیں گی، جبکہ حال ہی میں داخلہ لینے والے فلسطینی طلبہ کی شرکت نے تقریب کو بین الاقوامی رنگ دے دیا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف تھے۔ اس موقع پر چانسلر حسن محمد خان، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر انیس احمد، اساتذہ، فارغ التحصیل طلبہ اور والدین بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر انیس احمد نے اپنے خطاب میں طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کی ملکی و عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی ساکھ اس بات کی عکاس ہے کہ ادارہ تعلیم کے ساتھ ساتھ اخلاقی اقدار اور کردار سازی پر بھی یکساں زور دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فارغ التحصیل طلبہ مستقبل میں ہر میدان میں مؤثر کردار ادا کرتے ہوئے ملک کا نام روشن کریں گے۔
افسوسناک ۔۔۔۔ تعلیمی اداروں سے کروڑوں روپے کی منشیات برآمد
چانسلر حسن محمد خان نے طلبہ اور ان کے والدین کی کاوشوں اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں اور ملک کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔
مہمان خصوصی سردار محمد یوسف نے پیشہ ورانہ ڈگریاں حاصل کرنے والے طلبہ کی تعریف کی اور امید ظاہر کی کہ یہ نوجوان معاشرے کی بہتری کے لیے نمایاں خدمات سرانجام دیں گے۔ انہوں نے فلسطینی طلبہ کی بڑی تعداد میں شمولیت کو رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کی بڑھتی ہوئی بین الاقوامی پہچان کا ثبوت قرار دیا۔
کنوکیشن کا افتتاحی دن نہ صرف علمی شانداری کا جشن تھا بلکہ رفاہ یونیورسٹی کے عالمی تعاون، اخلاقی تربیت اور کردار سازی کے عزم کا بھی بھرپور اظہار تھا۔ یہ تقریب یونیورسٹی کی مستقبل کے قائدین تیار کرنے کی مسلسل کوششوں کا ایک اور اہم سنگِ میل ثابت ہوئی۔