پرو لیگ سے قبل قومی ہاکی کھلاڑیوں کو ڈیلی الاؤنس تاحال جاری نہ ہوسکا
اسلام آباد: قومی ہاکی ٹیم پرو لیگ کے لیے روانگی سے قبل ہی شدید ذہنی اضطراب کا شکار ہے، جبکہ پاکستان اسپورٹس بورڈ کی جانب سے کھلاڑیوں کے ساتھ ٹال مٹول کے باعث صورتحال مزید سنگین ہوگئی ہے۔
حکومت کی جانب سے 25 کروڑ روپے بجٹ جاری ہونے کے باوجود کھلاڑی ڈیلی الاؤنس سے محروم ہیں۔
اسلام آباد میں دس روزہ ٹریننگ کیمپ اختتام پذیر ہوگیا، مگر کھلاڑی معاوضہ ملنے کے انتظار میں پریکٹس کیے بغیر گھروں کو واپس روانہ ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق پی ایس بی نے ہاکی مینجمنٹ کو مسلسل ٹال مٹول سے کام لیا جبکہ قومی ٹیم منگل کو ارجنٹینا روانہ ہو گی، لیکن تاحال ڈیلی الاؤنس جاری نہیں کیا گیا۔ بنگلہ دیش کے خلاف ورلڈکپ پری کوالیفائر کھیلنے والے کھلاڑی اب تک اپنے معاوضے کے منتظر ہیں، جس پر کھلاڑیوں میں شدید مایوسی پائی جاتی ہے۔