ملک میں سردی بڑھنے سمیت بارش اور برفباری کا امکان
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، جبکہ پہاڑی اور شمالی علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگا۔ شہریوں کو سموگ، دھند اور شدید سردی کے دوران احتیاطی اقدامات اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
شمالی اور پہاڑی علاقوں میں خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقے، کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔ بلوچستان کے شمالی اضلاع میں بھی شدید سردی برقرار رہنے کی توقع ہے، جبکہ مری اور گلیات میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ لاہور، شیخوپورہ، گجرات، جہلم، فیصل آباد، جھنگ اور ملتان میں سموگ متوقع ہے، جس کے باعث شہریوں کو سانس کی بیماریوں اور دھند کے اثرات سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں بھی سردی برقرار رہے گی، اور پشاور، صوابی، مردان اور ڈیرہ اسماعیل خان میں ہلکی دھند پڑنے کا امکان ہے۔ اسلام آباد میں موسم سرد اور خشک رہے گا، جبکہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم عمومی طور پر خشک رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق تین سے سات دسمبر تک ملک کے بالائی علاقوں میں بارش سمیت برف باری ہونے کا امکان بھی ظاہر کیا ہے ۔