The Next Salauddin
رپورٹ :مدثر پیرزادہ
کراچی کے ایک معروف فلم ساز فرحان صدیقی نے بین الااقوامی فلمی دنیا میں ایک نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے پاکستان کی پہلی آٹیفشل انٹیلی جنس ( ا ے آئی) فیچر فلم ”دی نیکسٹ صلاح الدین“ The Next Salauddin) ( تیار کر لی ہے۔
50 منٹ دورانیے کی فیچر فلم کا پریمیئر 19 دسمبر کو کراچی کے ایک سیمنا گھر میں ہوگا۔ فلم کی تیاری میں رافعہ رحمان اور حزیم جعفری نے معاونت کی ہے۔ فرحان صدیقی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فلم میں فلسطین خاص طور پر غزہ کے مظلوم مسلمانوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ فلم 4 زبانوں اردو، انگریزی، عربی اور بنگلہ میں ریلیز کی جائے گی جبکہ فلم کو مختلف زبانوں میں ترجمے کے ساتھ عالمی سطح پر زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کی کوشش کی جائے گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ فلم ایک سال کی مسلسل محنت اور جدید ترین اے آئی ٹیکنالوجی کا استعمال کر کے بنائی گئی ہے، یہ کام پاکستان میں اس سطح کی مہارت اور تکنیکی معیار کے ساتھ پہلی بار انجام دیا گیا ہے، فلم کا موضوع "مزاحمت، امید اور قیادت” ہے ۔فلم ایک نوجوان فلسطینی لڑکے یوسف کی کہانی پر مبنی ہے، جو جنگ، بمباری اور ظلم کے درمیان ا ±بھرتی ہوئی امید، غیرت اور قیادت کی علامت کے طور پر ابھرتا ہے، فلم میں غزہ کی موجودہ صورتحال کی منظر کشی کے ساتھ ساتھ عظیم فاتح صلاح الدین ایوبی کے شاندارکارناموں ، انکی بے مثال قیادت ،انسانیت، عدل و انصاف، اتحاد و آزادی کو اجاگر کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
فلم کے رائٹر و ڈائریکٹر فرحان صدیقی کا مزید یہ کہنا تھا کہ یہ فلم صرف ایک پروجیکٹ نہیں، بلکہ ایک مقصد ہے، غزہ کے معصوم بچوں اور فلسطین کی مظلوم قوم کی آواز کو دنیا تک پہنچانا۔ انہوں نے کہا کہ فلم کی ملائیشیا میں اسکریننگ کی جا چکی ہے اور وہاں اسے بھرپور پذیراِئی حاصل ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس فلم سے پاکستان کی فلم انڈسٹری جدید ٹیکنالوجی کے ایک نئے دور میں داخل ہو گئی ۔ فرحان صدیقی نے کہا کہ فلم کی پاکستان اور ملیشیا کے سینما گھروں میں نمائش کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ”دی نیکسٹ صلاح الدین“ یقینا پاکستان کی فلمی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کرے گی۔