اسلام آباد میں آسٹریا کا جعلی سفارتخانہ
اسلام آباد میں آسٹریا اور جرمن سفارتخانوں کے نام پر شہریوں سے کروڑوں روپے کے فراڈ کا انکشاف ہوا ہے۔
ذرائع ایف آئی اے کے مطابق فراڈ میں ملوث عناصر نے گوگل پر سفارتخانوں کے نام سے جعلی اکاؤنٹس بنا رکھے تھے جن میں رابطے کے لیے وٹس ایپ نمبرز بھی درج تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران شہریوں سے بینک اکاؤنٹس کے ذریعے کروڑوں روپے وصول کیے گئے۔
گزشتہ روز تین شہریوں سے آسٹریا سفارتخانے کے نام پر 20 لاکھ روپے کا فراڈ کیا گیا، رقم وصول کرنے والا بینک اکاؤنٹ محمد ظاہر کے نام سے چل رہا تھا۔
ایف آئی اے کے مطابق فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف دو چھاپے مارے جا چکے ہیں اور یہ ایک منظم گینگ ہے جس کے خلاف گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے۔