یورپی ممالک شہریوں کو ایران سے انخلا کی ہدایات دے رہے ہیں
واشنگٹن/تہران: امریکی میڈیا کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران پر ایک زور دار اور فیصلہ کن حملہ چاہتے ہیں، اور ان کا مقصد طویل جنگ کے بجائے مختصر مگر مؤثر کارروائی ہے۔
اسی دوران اسرائیلی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ اسرائیلی آرمی چیف نے فوری دفاعی تیاریوں کے احکامات جاری کر دیے ہیں، شمالی اسرائیل سمیت مختلف علاقوں میں بم شیلٹرز کھولنے کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ اسرائیل توقع کر رہا ہے کہ امریکہ ایران پر حملے سے قبل وارننگ دے گا۔
یورپی ممالک نے بھی اپنے شہریوں کے لیے حفاظتی اقدامات جاری کر دیے ہیں۔ اٹلی کی وزارت خارجہ کے مطابق ایران میں تقریباً 600 اطالوی شہری موجود ہیں، جن میں اکثریت تہران میں مقیم ہے، اور انہیں سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر فوری ایران سے انخلا کی ہدایت دی گئی ہے۔ اسی طرح پولینڈ کی وزارت خارجہ نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے شہریوں کو ایران سے فوری انخلا یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔
امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق دسمبر کے آخر میں ایران میں احتجاج شروع ہونے سے قبل، اسرائیلی حکام نے روس کے ذریعے ایرانی قیادت کو آگاہ کیا تھا کہ اگر اسرائیل پر پہلے حملہ نہ ہوا تو وہ ایران پر کوئی کارروائی نہیں کرے گا۔
یہ صورتحال خطے میں ممکنہ کشیدگی اور بین الاقوامی تحفظات کی طرف اشارہ کرتی ہے، اور ایران میں مقیم غیر ملکی شہریوں کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے۔