پیپلز پارٹی کے رہنماوں کی پریس کانفرنس
اسلام آباد ۔۔ پیپلز پارٹی نے ملک میں پریشان حال کسان دوستی کا ثبوت دے دیا ۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے کسانوں کی معاشی حالت بہتر بنانے کیلئے وفاقی حکومت سے تین اہم مطالبات کردیئے
اسلام آباد میں پیپلز پارٹی کے رہنماؤں ندیم افضل چن اور چوہدری منظور نے نیوز کانفرنس کی، چوہدری منظور نے کہا اس وقت بڑی سازش ہو رہی ہے، پاسکو، این ایف سی کو بند کر کے زرعی بینک کو پرائیویٹائز کیا جا رہا ہے، اس وقت آلو کا بحران ہے اور کسان سے آلو 10 روپے کلو لیا جا رہا ہے جب کہ فی ایکڑ آلو کی فصل پر ڈھائی لاکھ روپے خرچہ آتا ہے، اور کسان کی ٹرانسپورٹیشن میں اضافہ ہو گیا ہے، اس وقت زراعت کو سب سے بڑے پیکج کی ضرورت ہے۔
چوہدری منظور نے کہا کسانوں کے پاس اگلی فصل کاشت کرنے کی صلاحیت نہیں ہے، ہم 3 مطالبات رکھ رہے ہیں ایک تو فوری زرعی پیکج دیا جائے، دوم ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ موجودہ حکومت آلو خریدے، تیسرا مطالبہ ہے کہ کسانوں کے لیے سود معاف کریں اور قرضے دیں۔
ندیم افضل چن نے کہا کہ حکومت قومی اداروں کے خلاف گہری سازشیں کر رہی ہے، حکومت زرعی بینک کی نجکاری اور پاسکو کو ختم کرنے جا رہی ہے، حکومت عام آدمی کو سہولتوں کی بجائے مشکلات دے رہی ہے، نیپرا کی سولرائزیشن پالیسی سمجھ سے بالاتر ہے۔
انھوں نے کہا ملک میں کینو اور آلو کی ایکسپورٹ بند ہے، موجودہ حکومت کسانوں سے آلو خرید کر ایکسپورٹ کرے، حکومت فوڈ سیکورٹی کرائسز کی جانب بڑھ رہی ہے، اور ملک بھر میں کسان تنظیمیں سراپا احتجاج ہیں، حکومت اور بیوروکریسی کے بابوں کو کسانوں کی مشکلات سمجھ نہیں آ رہیں،