
اسلام آباد

مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر محمد کاشف چوہدری نے آزاد کشمیر میں عوامی احتجاج کے بعد بڑے ریلیف کے اعلان پر اہلیان کشمیر کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری عوام نے بغیر کسی سیاسی جماعت اور سیاسی رہنمائوں کے مہنگائی اور بجلی کے بلوں ، آٹے کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف جو تحریک شروع کی نہ صرف اس تحریک کو پورے کشمیر میں بھرپور پذیرائی ملی بلکہ عوام کے سمندر کے سامنے نااہل و کرپٹ اشرافیہ اورحکومت کو جھکنا پڑا اور حکومت نے نہ صرف عوام کیلئے خطیررقم کے ریلیف کا معاہدہ کیا بلکہ اشرافیہ کی مراعات کا از سر نو جائزہ لینے کیلئے کمیشن کے قیام پر بھی اتفاق ہوا ، جموں و کشمیر عوامی ایکشن کمیٹی کی کال پر پورے کشمیر نے ثابت کردیا کہ عوام ہی طاقت کا سرچشمہ ہیں ۔
انہوں نے کہا اس تحریک کے دوران شہید ہونے والوں کے لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور ان کے درجات کی بلند ی کیلئے دعا گو ہیں
محمد کاشف چوہدری نے کہا کہ عوامی ایکشن کمیٹی کے لانگ مارچ کے دوران تاجر برادری اور عوام نے شرکاء کا ولولہ انگیز استقبال کیا اور تاجروںنے لانگ مارچ کے شرکاء کیلئے کھانے پینے کا بندوبست کرکے عوام کے دل جیت لئے
انہوں نے کہا کہ سستی بجلی ، سستے آٹے کی فراہمی سے عوام کا معیار زندگی بہتر ہوگا اور مہنگائی کے اس دور میں انہیں ریلیف ملے گاجبکہ اشرافیہ کے شاہانہ طرز زندگی ختم ہونے سے انہیں عوام کے دکھ درد کا احساس ہو سکے گا انہوںنے کہا کہ ہم وفاقی دارالحکومت اسلام آبادسمیت ملک بھر کی بیوروکریسی اور اشرافیہ کی مراعات کے خاتمے کیلئے کوشاں ہیں یہ مراعات یافتہ طبقہ غریب عوام کے ٹیکسوں کے پیسے پر موج مستی کرتے ہیں اور اس کا ازالہ غریب عوام ٹیکسز کی صورت میں ادا کرتا ہے
انہوں نے مطالبہ کیا کہ کشمیر کی طرح پاکستان میں بھی مہنگائی کے خاتمے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں اور پہلے مرحلے میں فوری طور پر بجلی کے بلوں میں اضافے اور مختلف قسم کے ٹیکسز کو ختم کیا جائے اگر ایسا نہ ہوا تو عین ممکن ہیں کہ جڑواں شہروں سمیت ملک بھر کے عوام ،کشمیری عوام کے نقشہ قدم پر چلتے ہوئے اشرافیہ اور حکومت سے اپنا حق لینے کیلئے احتجاج کا راستہ اپنالے اور پھر عوامی طاقت کے سامنے کوئی نہیں ٹھہر سکے گا۔