
باغ ۔۔
آزاد کشمیر کے تمام اضلاع کے فیس اسٹرکچر کے حوالے سے ملنے والی دستاویزات میں واضح فرق کا انکشاف ہونے کے بعد پتہ چلا ہے کہ آزاد کشمیر کے تمام اضلاع کے ایلیمنٹری بورڈز کافیس اسٹرکچر کسی مرکزی دھارے میں شامل نہیں، ہر ضلعی بورڈ نے اپنی من مرضی کا فیس اسٹرکچر بنا رکھا ہے اور ان اضلاع میں ضلع باغ میں سب سے زیادہ رجسٹریشن اور امتحانی فیسیں وصول کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔
سیکریٹری آزاد کشمیر ضلعی ایلیمنٹری بورڈ باغ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق جماعت پنجم اور ہشتم کے تعلیمی سیشن 2024-25 کی پہلے مرحلے کی سنگل داخلہ فیس 800 روپے مقرر کی گئی ہے، دوسرے مرحلہ میں 200 روپے اضافے کے ساتھ لیٹ فیس 1000 روپے،
اسی طرح دوسرے مرحلہ میں ڈبل فیس 1600 روپے، تیسرے مرحلہ میں تین گنا اضافے کے ساتھ 2400 روپے فیس مقرر کی گئی ہے، اسی طرح امتحانی فیس کے اسٹرکچر میں بھی باقی اضلاع کی نسبت تقریباً 100سے 150 روپے کا واضح فرق ہے۔ ضلع باغ میں رجسٹریشن فیس کی آخری تاریخ 29 جون مقرر کی گئی ہے۔ اس سے ہٹ کر ستم ظریفی یہ ہے کہ ضلع باغ کے تینوں حلقوں وسطی باغ، شرقی اور غربی با غ کی ماہانہ اور امتحانی فیسوں میں بھی واضح تضاد ہے،تینوں حلقوں کے ای او ہیڈکوارٹرز کا اپنا اپنا فیس اسٹرکچر ہے۔
ضلع مظفرآباد کے سیکریٹری ایلیمنٹری بورڈ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق جماعت پنجم تا ہشتم کی رجسٹریشن فیس 650 روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ لیٹ فیس 1300،اور تیسرے مرحلے میں تین گنا لیٹ فیس 1950 مقرر کی گئی ہے۔ مظفرآباد میں فیس جمع کرانے کی آخری تاریخ 7 جون مقرر کی گئی ہے۔
ضلع میرپورایلیمنٹری بورڈ کے نوٹیفکیشن کے مطابق جماعت پنجم اور ہشتم کی رجسٹریشن فیس پہلے مرحلے میں 600 روپے مقرر کی گئی ہے جب کہ 100روپے لیٹ فیس کے ساتھ دوسرے مرحلے میں 700 اور تیسرے مرحلے میں لیٹ فیس 1200 روپے مقرر کی گئی ہے۔ یہاں رجسٹریشن کی آخری تاریخ 5 جون مقرر کی گئی ہے۔
ضلع سندھنوتی ایلیمنٹری تعلیمی بورڈ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق جماعت پنجم اور ہشتم کی رواں تعلیمی سال کے لیے پہلے مرحلے میں رجسٹریشن فیس 750روپے مقرر کی گئی 100 روپے لیٹ فیس کے ساتھ 850 روپے جب کہ تیسرے مرحلے کے لیے ڈبل فیس کے ساتھ 1500 روپے مقرر کی گئی ہے۔ یہاں بچوں کی رجسٹریشن کی آخری تاریخ 31 مئی مقرر کی گئی ہے۔
اسی طرح ضلع کوٹلی ایلیمنٹری بورڈ کی جانب سے جماعت پنجم اور ہشتم کے لیے تعین کردہ پہلے مرحلے کی رجسٹریشن فیس 650 روپے ہے جب کہ سیکریٹری ایلیمنٹری بورڈ کوٹلی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں لیٹ فیس کے ساتھ رجسٹریشن فیس درج نہیں کی گئی، یہاں رجسٹریشن کی آخری تاریخ 25 مئی مقرر کی گئی ہے۔
اسی طرح ضلع مظفرآباد، بھمبر، نیلم، حویلی کا فیس اسٹرکچر بھی باقی اضلاع سے مختلف ہے، جہاں جماعت پنجم اور جماعت ہشتم تک کی رجسٹریشن فیس اور امتحانی فیس ایک دوسرے سے مختلف ہے۔
ضلع باغ کے عوام نے ایلیمنٹربورڈ کی فیسوں پر اعتراض کرتے ہوئے حکومت آزاد کشمیر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس طرح فیسوں میں من مانے اضافے کا فوری نوٹس لے،