
سائفر کیس میں عمران خان اورشاہ محمود قریشی بری ہو گئے
اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کی سائفر کیس میں سزا کے خلاف اپیل منظور کر لی ،دونوں رہنماوں کی سزا کالعدم قرار ۔۔دوران سماعت عدالت نے قرار دیا کہ اسٹیٹ سیکورٹی کیسے خطرے میں پڑی ؟ اگر سائفر گم بھی ہو گیا تو اثرات کیا ہوئے؟جب ہم میں سے کوئی نہیں جانتا کہ اس کے اثرات کیا ہوئے تو پھر کیا ہو گا؟ شہادت میں کہاں لکھا ہوا ہے کہ قانون میں تھا کہ سائفر کی کاپی واپس کرنا تھی؟
اسلام آباد ہائی کورٹ میں سائفر کیس میں بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کی اپیلوں پر سماعت ہوئی،دوران سماعت بانی پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے دلائل دیتے ہوئے عدالت کو آگاہ کیا کہ اس متعلق کوئی دستاویز نہیں کہ اعظم خان نے سائفر بانی پی ٹی آئی کو دیا، اگر سائفر گم ہوگیا تو پھر سائفر پاس رکھنے کا چارج کیسے لگ سکتا ہے؟ میری استدعا ہے ملزمان کو بری کیا جائے، عدالت میں کسی مخصوص ملک کا نہیں بتایا گیا جس کے ساتھ تعلقات خراب ہوئے۔
دوران سماعت چیف جسٹس عامر فاروق نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ ایسی کیا بے چینی تھی کہ رات کے نو بجے بھی ٹرائل ہو رہا تھا؟ یہ ہائبرڈ قسم کا کیس ہے اور اس میں نئی عدالتی نظیر تیار ہو گی۔۔۔ عدالت نے اسپیشل پراسیکیوٹر سے کہا کہ کیا تعلقات خراب ہونے پر کسی کو دس سال کی سزا دی جا سکتی ہے ۔یا جیل میں رکھ سکتےہیں ؟ قانون ایسا کچھ نہیں کہتا نہ ہی قانون کی منشا یہ ہے ، بانی پی ٹی آئی نے جان بوجھ کر سائفر کاپی اپنے پاس رکھی اس سے متعلق بتائیں۔ اسپیشل پراسیکیوٹر نے کہا کہ گواہ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو بار بار کہا گیا سائفر کاپی کے ساتھ یہ نا کریں ، 342 کے بیان میں بانی پی ٹی آئی خود مان رہے ہیں۔
دلائل کے بعد ہائیکورٹ نے فیصلہ سناتے ہوئے بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کی سائفر کیس میں سزا کے خلاف اپیل منظور کر لی اور دونوں رہنماوں کی سزا کالعدم قرار دے دیا۔۔۔۔۔ بانی پی ٹی آئی کے خلاف امریکی سائفر کو عام کرنے کے جرم میں آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت اڈیالہ جیل میں قائم کی گئی خصوصی عدالت میں مقدمہ چلایا گیا۔
سائفر کیس میں رواں برس 30 جنوری کو عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو 10، 10 سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی تھی۔ اس سے قبل سابق وزیراعظم عمران خان نے 27 مارچ 2022 کو اپنی حکومت کے خاتمے سے قبل وفاقی دالحکومت میں ایک جلسہ عام میں یہ دعوی کیا تھا کہ سائفر غیر ملکی حکومت کی طرف سے لکھا گیا ،اور ان کی حکومت گرانے کی منصوبہ بندی کی گئی ۔۔اس حوالے سے امریکی حکام نے بھی بار بار تردید کی۔۔۔۔