
مقبوضہ کشمیر کے گرمائی دارالحکومت سری نگر اور لداخ کو ملانے والی زوجیلا سرنگ کی تعمیر جاری ہے۔ چودہ کلومیٹر لمبی یہ سرنگ مکمل ہونے پر ایشیا کی طویل ترین سرنگ بن جائے گی۔ اس منصوبے پر اڑسٹھ ارب انڈین روپے خرچہ آ رہا ہے۔
میگا منصوبے پر کام کرنے والے سینیئر انجینیئر برہان اندرابی کے مطابق یہ سرنگ لداخ کو بھارت کے حصوں سے جوڑے گی۔ سرنگ کے نو کلومیٹر حصے کی کھدائی مکمل ہو چکی ہے اور ممکنہ طور پر بقیہ کام ایک سے دو سال میں مکمل ہو جائے گا۔
سری نگر سے 100 کلو میٹر دور زوجیلا پاس ہمالیہ کا ایک بلند پہاڑی درہ ہے، جو لداخ کے ضلع کارگل میں واقع ہے۔ یہ درہ وادی کشمیر کو اس کے مغرب میں دراس اور سورو وادیوں اور شمال مشرق میں وادی سندھ سے جوڑتا ہے۔ یہ لداخ اور وادی کشمیر کے درمیان ایک اہم رابطے کا ذریعہ ہے۔