
اسلام آباد ۔۔۔۔سابق وفاقی وزیر سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ آنے والے دنوں میں بانی تحریک انصاف (پی ٹی آئی) زمین پر لیٹ جائیں گے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو میں فیصل واوڈا نے دعویٰ کیا کہ فیض حمید کی گرفتاری تو شروعات ہے، ابھی بہت سے بڑے بت گرنے ہیں
انہوں نے مزید کہا کہ معاملہ بہت دور تک جائے گا، فیض آباد دھرنا کیس تو بہت چھوٹا ہے، اب پاکستان کو کوئی ترقی سے نہیں روک سکتا ہے۔
سینیٹر فیصل واوڈا نے یہ بھی کہا کہ بات صرف کرپشن تک نہیں رہے گی، پی ٹی آئی کی ٹاپ لیڈرشپ بھی اس کا حصہ ہے
ان کا کہنا تھا کہ جنرل فیض حمید کی گرفتاری پاکستان کےلیے زبردست فیصلہ ہوا ہے، جو ملک کو نقصان پہنچائے گا اس کا احتساب ہوگا۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ فیض حمید اور تحریک انصاف ایک ہی نام ہے، آنے والے دنوں میں بانی پی ٹی آئی اور پی ٹی آئی زمین پر لیٹ جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں احتساب کا عمل نظر آئے گا، ہمیں اس وقت جشن منانا چاہیے کہ پاکستان حقیقی طور پر ترقی کی طرف جارہا ہے۔ ہم سب کا یہی طریقہ ہونا چاہیے کہ سیاست کریں اور اداروں کو ان کا کام کرنے دیں
فیصل واوڈا کے مطابق فیض آباد دھرنا کیس تو چھوٹا ہے ابھی بہت بڑے کیسز سامنے آئیں گے، سپہ سالار کو مبارک باد دیتا ہوں جو ناممکن تھا وہ بھی ممکن کردکھایا۔
سینیٹر نے کہا کہ آئین و قانون کا نقصان ہو تو ایسے اقدامات ہونے ہی تھے، یہ شروعات ہے ابھی بہت بڑے بت گرنے ہیں، آنے والے دنوں میں ارشد شریف سے متعلق بھی حقائق سامنے آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ٹاپ سٹی کے کیس میں اور بھی کئی نام سامنے آئیں گے، 9 مئی والوں کی پشت پناہی کرنے والوں کا بھی احتساب ہوگا۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ جو بھی پاکستان کو نقصان پہنچائے گا اب اس کا احتساب ہوگا، سیاست دانوں سمیت چوریاں بچانے والے سب لوگوں کی باری ہے۔