
جو کام کروڑوں اور ارب پتی نہیں کرسکے وہ ایک عام سے صحافی نے کرکے انسانیت کی نئی مثال قائم کردی ہے…
نجی ٹی وی چینل کے ساتھ وابستہ سینئر صحافی
امجد حسین بخاری کی حال ہی شادی ہوئی ہے. دولہے میاں نے شادی کے بعد دعوت ولیمہ کی تقریب الخدمت فاؤنڈیشن کے زیر نگرانی یتیم بچوں کے لیے قائم ادارے "آغوش” میں منعقد کرائی ۔ اس سادہ اور پروقار تقریب میں امجد بخاری اور ان کی اہلیہ نے بطور میزبان بچوں کا شایان شان استقبال کیا اور ویٹر بن کر بچوں کوخود اپنے ہاتھوں سے کھانا کھلایا۔
اس لاجواب تقریب کا احوال جان کر ہر پاکستانی خوش ہے اور جوڑے کو نیک خواہشات کے ساتھ خراج تحسین پیش کررہے ہیں ۔ یہ ایک ایسی قابلِ تقلید مثال ہے جس پر دنیا خصوصاً پاکستان کے ہر نوجوان کو عمل کرنا چاہیے۔ صرف یہی نہیں بلکہ ہمیں ایسی تقاریب اور کاموں کی سوشل میڈیا کے توسط سے تشہیر بھی کرنی چاہیے تا کہ زیادہ سے زیادہ نوجوان اس جانب راغب ہوں۔
ذاتی نمودونمائش کی فطری خواہش اپنی جگہ لیکن اپنی خوشی میں یتیم بچوں کو شریک کرنے جیسا کام کوئی کوئی ہی کر سکتا ہے۔ اورصحافی امجد بخاری یہ کام کر گذرے۔
پاکستان بھر میں روزانہ سینکڑوں شادیاں ہوتی ہیں اور دعوتوں پر اربوں روپے لٹائے جاتے ہیں. ان تقریبات میں اپنے رشتہ داروں کے علاوہ بااثر لوگوں کو بلایا جاتا ہے مگر کسی غریب مسکین یا یتیم کو پوچھا تک نہیں جاتا.
امجد بخاری نے اپنے حصے کی شمع روشن کی اب نوجوانوں کو چاہیے وہ اس روشنی کو مزید پھیلائیں..