
روس کی جاسوس وہیل ناروے میں ہلاک ہوگئی ۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق 14 فٹ لمبی وہیل جس کو ہوالدمیر کا نام دیا گیا تھا اور پانچ برس قبل ناروے کے پانیوں میں دریافت ہوئی تھی، اس پر روس کے لئے جاسوسی کرنے کا شبہ ظاہر کیا گیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وہیل مچھلی جنوب مغربی علاقے ریساویکا کے قریب مردہ حالت میں پائی گئی جس کو معائنے کے لئے قریبی بندرگاہ منتقل کر دیا گیا تاہم تاحال اس کی موت کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے۔ اس کی عمر 14 اور 15 برس کے درمیان تھی جبکہ اس کی اوسط عمر 40 سے 60 تک ہوتی ہے۔
یہ علاقہ روس کے شہر مرمانسک سے تقریباً 415 کلومیٹر پر واقع ہے اور وہاں روس کا بحری بیڑا موجود ہے۔ اسی لئے سفید وہیل کے دریافت ہونے کے بعد حکام نے کہا تھا کہ یہ جاسوس وہیل ہے جو روس کے لئے جاسوسی کرتی ہے اور اسی خدشے کے پیش نظر غیرسرکاری ادارے میرین مائنڈ نے برسوں سے اس کی نقل و حرکت پر نظر رکھی ہوئی تھی۔