
اسلام آباد۔۔190 ملین پاونڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بیگم کو عارضی ریلیز مل گیا۔۔۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے ٹرائل کورٹ کو کیس کا حتمی فیصلہ سنانے سے روک دیا۔۔۔عدالت نے فریقین کو نوٹسز جاری کردیئے۔۔۔اسلام آباد سے یہ رپورٹ
اسلام آباد ہائیکورٹ نے ٹرائل کورٹ کو 190 ملین پاؤنڈ کیس کا حتمی فیصلہ سنانے سے روک دیا۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے بانی اور بشریٰ بی بی کی جانب سے 190 ملین پاونڈ کیس میں بریت کی درخواستوں پر سماعت کی۔
ابتدائی سماعت پر عدالت نے حکم دیا کہ ٹرائل کورٹ ٹرائل مکمل کر لے لیکن حتمی فیصلہ نہ دے۔عدالت نے بانی اور بشریٰ بی بی کے وکلا کو متعلقہ دستاویزات جمع کرانے کی ہدایت کی ہے اور بری کرنے کی درخواستوں پر نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 26 ستمبر تک ملتوی کردی ہے۔
بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کررکھا ہے جس میں کیس سے بری کرنے اور ٹرائل روکنے کی استدعا کی گئی ہے۔احتساب عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی درخواست بریت مسترد کردی تھی۔ دوسری طرف آج اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاونڈ کیس کی سماعت وکلاء صفائی کی استدعا پر سماعت بغیر کارروائی کے ملتوی کردی۔