
اسلام آباد۔۔۔ تھانہ سنگجانی کے ایس ایچ او عاصم زیدی کے خلاف اپنے ہی تھانے میں مقدمہ درج، تھانیدار کو گرفتار کرلیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ایس ایچ او تھانہ سنگجانی سب انسپکٹر عاصم زیدی نے کشمیر سے تعلق رکھنے والے دو شہریوں محمد سعید اور شہباز شریف کو 19 روز تک تھانے میں حبس بے جا میں رکھا۔ شہریوں کے ورثاء کی طرف سے جب 19 ستمبر کو عدالت سے رجوع کیا گیا تو اسی روز ایس ایچ او عاصم زیدی نے دونوں شہریوں کے خلاف ڈکیتی کا مقدمہ نمبر 722/24 درج کرلیا۔ یوں ایس ایچ او نے اپنی بدنیتی اور غیر پیشہ ورانہ عمل کا مظاہرہ کیا۔
ذرائع کے مطابق ایس ایچ او عاصم زیدی کے خلاف مقدمہ نمبر 723/24 بجرم 342 اور پولیس آڈر 2002 سیکشن 155C کے تحت درج کیا گیا ہے۔ یہ مقدمہ ایس ڈی پی او ترنول سرکل ڈی ایس پی انصار احمد گورڑ کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق مدعی مقدمہ ڈی ایس پی ترنول سرکل انصار احمد گورڑ بسلسلہ چیک پڑتال 20 ستمبر کی رات ساڑھے نو بجے مثل مقدمہ نمبر 722 مورخہ 19 ستمبر بجرم 392 جوکہ تھانہ سنگجانی اسلام آباد میں درج رجسٹر ہے اور زیر تفتیش ہے۔ ملاحظہ مثل کرنے پر عاصم علی زیدی سب انسپکٹر ایس ایچ او تھانہ سنگجانی ملزمان محمد سعید اور شہباز شریف سکنہ ہٹیاں بالا آزاد کشمیر کو اندراج مقدمہ سے پہلے غیرقانونی طور پر حبس بے جا میں رکھنا پایا گیا اور وصولی درخواست/ کمپلینٹ کے 19 دن کی تاخیر کے بعد مقدمہ درج رجسٹر کیا اور تفتیش کے تقاضے پورے نہیں کئے۔
انکوائری عمل میں لانے پر معلوم ہوا کہ 19 ستمبر کو ملزم فریق کی طرف سے رٹ پٹیشن دائر کرنے پر اسی روز مقدمہ درج کرنا ایس ایچ او کی غیر پیشہ ورانہ امور اور میرٹ کی خلاف ورزی ثابت ہوتی ہے۔ ان حالات کے پیش نظر ایس ایچ او کا یہ فعل بدنیتی، غیر پیشہ ورانہ غیر ڈسپلن ہے۔ مذکورہ ایس ایچ او نے مذکورہ ملزمان کو غیرقانونی گرفتاری حراست میں رکھ کر جرم کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایس ایچ او عاصم زیدی کو آج بروز ہفتہ 21 ستمبر کو میاں اظہر محمود کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔