
اسلام آباد۔۔۔
سپریم کورٹ نے پاکستان قومی ائیر لائن (پی آئی اے) کی نجکاری روکنے کا حکم واپس لے لیا۔۔ سپریم کورٹ آئینی بینچ نے پی آئی اے نجکاری کیس نمٹا دیا۔
جسٹس مندوخیل نے ریمارکس دیئے کہ سپریم کورٹ نے حکم دیا تھا کہ نجکاری عدالت کو اعتماد میں لیکر کی جائے۔عدالت اپنا اعتماد دیتی ہے نجکاری اچھے طریقے سے کریں۔
سپریم کورٹ کے جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں چھ رکنی آئینی بینچ نے پی آئی اے نجکاری سے متعلق کیس کی سماعت کی
دوران سماعت ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ سپریم کورٹ نے پی آئی اے انتظامیہ کو نئے پروفیشنل بھرتی کرنے کی اجازت دی تھی، حکومت کیطرف سے پی آئی اے نجکاری کا عمل شروع کیا تھا، نجکاری کے عمل کی وجہ سے نئی بھرتیاں نہیں کی گئی، نجکاری کا عمل کمیشن دوبارہ ہونے جا رہا ہے، پی آئی اے فلائیٹ آپریشن پر پابندی بھی ختم ہوگئی ہے۔
جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دیئے دوبارہ نجکاری کے عمل میں اب شاید ریٹ زیادہ ملے۔ نجکاری کا عمل کرکے حکومت سپریم کورٹ آرڈر کی خلاف ورزی تو نہیں کر رہی، سپریم کورٹ نے حکم دیا تھا کہ نجکاری عدالت کو اعتماد میں لیکر کی جائے۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے موقف اختیار کیا کہ نجکاری پر اعتماد میں لینے کیلئے عدالت میں درخواست دائر کردی تھی۔ جسٹس جمال خان مندو خیل نے ریمارکس دیئے عدالت اپنا اعتماد دیتی ہے، نجکاری اچھے طریقے سے کریں۔ سپریم کورٹ نے پی آئی اے نجکاری روکنے کا حکم واپس لیتے ہوئے پی آئی اے نجکاری کیس نمٹا دیا۔