
چکوال ۔۔۔ شیراز احمد
وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک نے کٹاس راج مندر میں بنائے گئے نئے رہائشی بلاکس کا افتتاح کردیا، اس موقع پر وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مذہبی سیاحت کو فروغ دینے کیلئے مزید اقدامات اٹھا رہے ہیں، تمام مذاہب کے مذہبی مقامات کی حفاظت ہمارا فرض ہے، اقلیتوں کے حقوق کیلئے ریاست مدینہ سے بڑھ کر کوئی مثال نہیں دی جاسکتی،
انہوں نے کہا کہ پاکستان واحد ملک ہے جس کے پرچم میں بھی اقلیتوں کی نمائندگی ہے، اقلیتیں یہاں پاکستان بننے سے پہلے سے آباد ہیں، نہ صرف ہندوؤں بلکہ دیگر مذاہب کے مقدس مقامات کی تزئین و آرائش کیلئے کام کرینگے، بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ ناروا سلوک رکھا جاتا ہے، بین الاقوامی فورم پر انڈیا میں مسلمانوں پر مظالم کے خلاف آواز اٹھائیں گے، پاکستان میں بسنے والی اقلیتیں ہمارے اپنے لوگ ہیں، ہم دنیا کو اقلیتی برادری کے حوالے سے اچھا پیغام دیں گے،
ایک سوال کے جواب نے وفاقی وزیر چوہدری سالک نے کہا کہ پاکستان میں حج اخراجات بنگلہ دیش، انڈیا اور دیگر ممالک سے کم وصول کیے جا رہے ہیں، ریال کی قیمت کی اضافے کے باوجود ہم نے حج پیکج کو مہنگا نہیں ہونے دیا، کٹاس راج چکوال میں دو بڑے کارخانوں کی وجہ سے سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، فیکٹری مالکان کو پابند بنائیں گے کہ سڑکوں کی مرمت کریں،
وفاقی وزیر نے کہا ہے کہ کوشش کرینگے زیادہ سے زیادہ یاتریوں کو پاکستان کے ویزے مل سکیں، وزارت خارجہ سے بھی کہیں گے یاتریوں کو پاکستان کے ویزہ جاری کرنے میں رکاوٹ نہ ڈالیں،پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں کو یقین دلاتا ہوں کہ حکومت پاکستان آپ کے تمام حقوق اور آپ کی عبادت گاہوں کی مکمل حفاظت اور پاسداری کا عزم رکھتی ہے اور آپ کی اور آپ کے مذاہب کی ترقی کی مکمل ضامن ہے۔ پاکستان میں رہنے والے ہر شہری خواہ اس کا تعلق کسی بھی رنگ، نسل، زبان اور مذہب سے ہو حکومت پاکستان اس کے جان و مال عقائد اور حقوق کی مکمل ذمہ دار ہے، وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کٹاس راج مندر کے نئے رہائشی کمپلیکس کا دورہ بھی کیا، اس موقع پر سیکریٹری وزارت مذہبی امور ذولفقار حیدر اور ایڈیشنل سیکرٹری وزارت مذہبی امور ڈاکٹر عطاء الرحمن بھی وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کے ہمراہ تھے۔