
اسلام آباد۔۔۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اقتصادی امور کا سیف اللہ ابڑو کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں عالمی اداروں کے تعاون سے جاری منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر کا معاملہ زیر بحث آیا ۔ اجلاس میں چیئرمین کمیٹی نے کہا ساٹھ کروڑ ڈالر قرض ملنے پر شادیانے بجائے جاتے ہیں،قرض ملنے پر ایسی خوشی منائی جاتی ہے جیسے بیٹا پیدا ہوا ہو، پاکستان میں قرض کو انجوائے کیا جاتا ہے،پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جو قرض ملنے پر خوشیاں مناتا ہے۔
سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے کہا بعض ملکوں کے حاکم بھی نہیں ملتے ہم چھوٹے آفیشلز سے مل کر آجاتے ہیں۔ اقتصادی امور ڈویژن کے ذریعے فارن فنڈنگ لی جاتی ہے، اکنامک افیئرز کے پاس قرض کی رقم کے استعمال کا چیک اینڈ بیلنس بھی ہونا چاہئے،جب ہم قرض لیتے ہیں تو وہ منصوبے بروقت مکمل ہونے چاہئیں۔ منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر کی ذمہ داری کا تعین بھی تو ہونا چاہئیے۔