
اسلام آباد۔۔۔
کشمیر جرنلسٹ فورم راولپنڈی اسلام آباد کے ممبران اور انکے بچوں اور بچیوں کی جسمانی فٹنس ، کراٹے اور باکسنگ سیکھنے کے حوالے سے جڑواں شہروں کے سب سے معروف پرو ایکٹو جیم اینڈ مارشل آرٹس سنٹر کے درمیان معاہدہ طے پا گیا، صدر کشمیر جرنلسٹ فورم عرفان سدوزئی اور سی ایس او کلب گولڈ میڈیلسٹ سردار ذوہیب کے درمیان مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کیے گئے۔ فورم کی جانب سے خواجہ کاشف میر نے بطور فوکل پرسن مفاہمت پر دستخط کیے جبکہ پرو ایکٹو جیم اینڈ مارشل آرٹس کی طرف سے طاہر افضل بھٹی فوکل پرسن مقرر کیے گئے۔
اس تقریب کے موقع پر فورم کے سیکرٹری جنرل مقصود منتظر، نائب صدر سید خالد گردیزی ، نائب صدر سردار نثار تبسم، ممبر گورننگ باڈی سردار ندیم ، سینئر صحافی خواجہ کاشف میر، نعیم الاسد ، سردار فیاض ، محمد نوید چوہدری ودیگر نے شرکت کی۔ کشمیر جرنلسٹ فورم کے نو منتخب صدر عرفان سدوزئی، سیکرٹری جنرل مقصود منتظر، سیکرٹری فنانس عمران اعظم سمیت منتخب باڈی سمیت فعال اراکین فورم نے ممبران فورم اور انکی فیملیز کو سہولیات دلانے کیلئے اپنی سرگرمیاں تیزی سے شروع کر رکھی ہیں۔کھنہ پل میں واقع جیم اینڈ مارشل آرٹس سنٹر میں معاہدے کی تقریب میں پہنچنے پر فورم کے منتخب عہدیداران اور سینیئر ممبران کا پرتپاک استقبال کیا گیا، بچیوں کے درمیان مارشل آرٹس کے مقابلے کی تقریب بھی منعقد کی گئی۔ تقریب سے اپنے خطاب میں صدر کشمیر جرنلسٹ فورم عرفان سدوزئی نے کہا کہ اس بہترین جیم اینڈ مارشل آرٹس سنٹر نے مرد و خواتین سمیت بچے اور بچیوں کیلئے بہترین سہولیات مہیا کی ہیں، بچیوں کو سنٹر میں تربیت دینے پر انکے والدین کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، پرو ایکٹو جیم اینڈ مارشل آرٹس سنٹر کو ممبران فورم اور انکے بچوں اور بچیوں کیلئے سہولیات دینے اور معاہدہ کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
عرفان سدوزئی نے کہا کہ اس سنٹر میں جسمانی فٹنس کیلئے بہترین مشینری اور تربیت یافتہ عملہ موجود ہے، کراٹے اور باکسنگ سیکھنے کیلئے قومی سطح کے ٹرینر موجود ہیں۔ پرو ایکٹو جیم اینڈ مارشل آرٹس سنٹر کے سی ای او سردار ذوہیب نے کہا کہ کشمیر جرنلسٹ فورم کے تمام ممبران اور ان کے بچوں کو رجسٹریشن فیس سے مکمل استثنیٰ دیا گیا ہے جبکہ ماہانہ فیس میں بھی بچاس فیصد کی رعایت دی گئی ہے۔ کلب اور فورم ملکر کھیلوں کی مختلف سرگرمیوں کا انعقاد بھی کریں گے اور دونوں ادارے ایک دوسرے کو مکمل سپورٹ کریں گے۔ اس موقع پر صدر کشمیر جرنلسٹ فورم عرفان سدوزئی اور سیکرٹری جنرل مقصود منتظر نے کلب انتظامیہ کو کشمیر جرنلسٹ فورم کے ممبران اور انکے بچوں کیلئے بہترین سہولیات دینے پر شکریہ بھی ادا کیا۔ فورم کے ممبران نے کلب کے جملہ آپریشن اور جدید مشینری کو دیکھا جبکہ بچوں کو کراٹے اور باکسنگ سکھانے کے عمل کا جائزہ بھی لیا۔