
اسلام آباد ۔۔۔ ضروت مند ہونہار طلبا کی اسکالر شپ کے لیے مختص فنڈ میں کروڑوں کے گھپلے کا انکشاف ہوا ہے ۔ پاکستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ میں 2 کروڑ 27 لاکھ روپے کی کرپشن پکڑی گئی۔
ایف آئی اے کے مطابق سابق ملازمین سمیت 6 افراد کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا جبکہ 4 ملزمان کو گرفتار بھی کرلیا گیا ۔ ملزمان میں کمپنی کے سابق چیف فنانشل افسر ، چیف انٹرنل آڈیٹر ،سابقہ ایڈمن منیجر اور کمپنی سیکرٹری بھی شامل ہیں ۔ مقدمے میں نیشنل بینک کی اسلام آباد ہوٹل برانچ کے 2 افسران بھی ملزم نامزد ہیں ۔
ایف آئی آر کے مطابق ملزمان گھوسٹ ملازمین کے نام پر سفری و دیگر اخراجات وصول کرتے رہے۔ ملزمان نے بینک عملے کی ملی بھگت سے 318 جعلی چیکس کیش کرائے۔