
اسلام آباد ۔۔۔جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کی جملہ اعلی قیادت کا پارٹی کے محبوس چیئرمین جناب محمد یاسین ملک کی خوشدامن (ریحانہ حسین ملک) کی مختصر سی علالت کے بعد وفات پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ذوجہ یاسین ملک (مشعال حسین ملک) سمیت دیگر اہل خانہ سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
سنٹرل انفارمیشن آفس سے پارٹی کے مرکزی ترجمان کی طرف سے جاری ایک بیان کے مطابق بھارتی مقبوضہ جموں کشمیر کے رہنماوں سمیت جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے قائم مقام چیئرمین راجہ حق نواز خان، سفارتی شعبے کے سربراہ پروفیسر راجہ ظفر خان، وائس چیئرمین حافظ محمد انور سماوی، وائس چیئرمین ذاہد حسین، مرکزی چیف آرگنائزر صابر گل اور مرکزی فائنانس سیکریٹری خواجہ منظور احمد چشتی کے علاوہ پارٹی کے زونل سربراہان ساجد صدیقی، لیاقت علی لون، محمد حلیم خان، ملک مشتاق پاشا اور وسیم افتخار درانی و دیگر پارٹی قائدین نے اپنے الگ الگ تعزیتی پیغامات میں قائد انقلاب محمد یاسین ملک کی خوشدامن کی وفات کو اہل خانہ بالخصوص ذوجہ یاسین ملک (مشعال حسین ملک) کے لئے بڑا صدمہ قرار دیا۔ انہوں نے اپنے پیغامات میں اللہ تعالی سے مرحومہ کی مغفرت و جنت نشینی اور مشعال ملک سمیت جملہ لواحقین کے صبر و جمیل کے لئے دعا کی۔
ترجمان کے مطابق مرحومہ ریحانہ حسین ملک ایک بہادر سیاسی، سماجی اور انسانی حقوق کی علبردار ہونے کے ساتھ ساتھ ایک ذہین و زیرک اور تعلیم یافتہ خاتون تھیں۔ بیان کے مطابق وہ یاسین ملک کی شجاعت و بہادری کی مداح تھیں جبکہ پیس اینڈ کلچر تنظیم کے پلیٹ فارم پر متحرک کردار ادا کرتے ہوئے وہ تحریک آزادئ کشمیر کی بھرپور حمایتی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماہر اقتصادیات مرحوم پروفیسر حسین ملک کی اہلیہ ہونے پر انہیں بدلتے ہوئے علاقائی سیاست پر گہری نظر بھی تھی۔
بیان کے مطابق نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد گذشتہ روز اسلام آباد کے ایک مقامی قبرستان میں مرحومہ کو سپرد خاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ میں محمد یاسین ملک کے نمائندہ خصوصی محمد رفیق ڈار اور لبریشن فرنٹ کے وائس چیئرمین سلیم ہارون کے علاوہ آل پارٹیز حریت کانفرنس کے جملہ رہنماوں، صحافتی برادری اور سول سو سائٹی سے وابستہ نمائندگان سمیت مرحومہ کے عزیز و اقارب شریک رہے۔ نماز جنازہ حریت کانفرنس کے کنوینر غلام محمد صفی نے پڑھائی۔
ترجمان کے مطابق آج رسم کُل کی دعا پر مشعال ملک صاحبہ کی رہائشگاہ پر قرآن خوانی کے بعد مرحومہ ریحانہ حسین ملک کے ایصال ثواب، مغفرت اور درجات کی بلندی کے لئے دعا کی گئی جس میں لبریشن فرنٹ کے قائدین سلیم ہارون، جاوید حنیف، ساجد صدیقی، سردار محمد انور خان اور ایس ایل ایف کے مرکزی رہنما غلام اویس سمیت متعد پارٹی رہنماوں کے علاوہ دیگر سیاسی اور سماجی شخصیات اور سول سوسائٹی سے وابستہ افراد نے شرکت کر کے ذوجہ یاسین ملک (مشعال حسین ملک) سے اُن کی والدہ محترمہ کی وفات پر تعزیت کی اور اُنہیں حوصلہ دیا۔