
اسلام آباد ۔ مقصود منتظر
پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس نے پیکا ترمیمی ایکٹ 2025 اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔ پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ نے عمران شفیق ایڈووکیٹ کے ذریعے درخواست دائر کی۔
پی ایف یو جے نے درخواست میں موقف اپنایا کہ پیکا ترمیمی ایکٹ آزادی صحافت پر حملہ ہے، پیکا ترمیمی ایکٹ غیرآئینی اور غیرقانونی ہے، عدالتی جائزہ لیا جائے۔ پی ای سی اے قانون آزادیِ اظہار پر قدغن، حکومتی کنٹرول میں اضافہ ہے۔ آزادی صحافت کے خلاف قانون پی ای سی اے 2025 معطل کیا جائے،
درخواست میں یہ بھی کہا گیا کہ پیکا ترمیمی ایکٹ 2025 آئین کے آرٹیکل 19 اور 19 اے کے خلاف ہے، یہ قانون حکومتی سنسرشپ کو غیر محدود اختیارات دیتا ہے،بغیر قانونی عمل کے جعلی خبروں کو جرم قرار دینا غیرآئینی اور آزادی صحافت پر قدغن ہے،
صدر پی ایف یو جے افضل بٹ نے کہا ہے کہ ایکٹ عالمی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، پیکا ترمیمی ایکٹ پاکستان میں ڈیجیٹل حقوق کی بدترین خلاف ورزی ہے، پیکا کے تحت ریگولیٹری اتھارٹی کی کوئی آئینی حیثیت نہیں۔