
کینیڈا۔۔۔۔۔
جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی کینیڈا برانچ کے زیراہتمام شہید کشمیر محمد مقبول بٹ کی یوم پیدائش کے موقع پر ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پارٹی رہنماؤں علی سبحان، عتیق اسماعیل، واجد فاروق اور نقاش رزاق نے خطاب کیا۔ مقررین نے مقبول بٹ شہید کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہ صرف ایک آزادی پسند رہنما تھے بلکہ سماجی شعور، علم اور عوامی حقوق کے حقیقی محافظ بھی تھے۔
پارٹی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ محمد مقبول بٹ نے ہمیشہ فرسودگی، دولت پسندی، ظلم، غلامی اور منافقت کے خلاف آواز بلند کی اور اپنی جان کا نذرانہ دے کر ایک روشن مثال قائم کی۔ ان کی جدوجہد نہ صرف تحریکِ آزادیِ کشمیر کے لیے ایک سنگ میل ہے بلکہ انسانی حقوق، شہری آزادیوں اور خواتین کے مساوی حقوق کے فروغ کا بھی مظہر ہے۔رہنماؤں نے اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا کہ شہید مقبول بٹ کے نظریے کو آگے بڑھاتے ہوئے ریاست جموں و کشمیر کی تمام منقسم اکائیوں کو آزادی دلوانے کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی ریاست کی مکمل خودمختاری کے نظریے پر کاربند ہے اور مقبول بٹ شہید کا نظریہ ہی ہمارا نصب العین ہے۔ تقریب کے شرکاء نے مقبول بٹ شہید کی جدوجہد کو تحریکِ آزادی کا سنگِ بنیاد قرار دیتے ہوئے آزادیِ کشمیر کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔