
اسلام آباد۔۔۔
پی ٹی آئی 26 نومبر احتجاج پر وزیر اعظم ، وزیر داخلہ اور دیگر کیخلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پر اہم پیش رفت ۔ پولیس نے درخواست کو من گھڑت اور نامزد تمام لوگوں کو کلین چٹ دے دی
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں کیس کی سماعت ہوئی ۔عدالت میں پی ٹی آئی کے 26 نومبرکے احتجاج پر وزیر اعظم شہباز شریف، وزیر داخلہ محسن نقوی ،وزیر اطلاعات اور دیگر کیخلاف اندراج مقدمہ کی درخواست زیر سماعت ہے ۔
پولیس کی جانب سے 22 اے کی پیٹیشن میں اپنا جواب جمع کروا دیا۔ پولیس نے اپنے جواب میں 22 اے میں نامزد تمام لوگوں کو کلین چٹ دے دی۔ جواب میں کہا گیا ہے کہ یہ درخواست جھوٹی اور من گھڑت ہے، جس میں تمام الزامات غیر سنجیدہ ہیں، اس درخواست کا مقصد مختلف عدالتوں میں زیر سماعت کیسز پر اثر انداز ہونا ہے، درخواست گزار نے آئینی عہدیداروں، وزیر اعظم پاکستان و وزیر داخلہ و دیگر کی ساکھ کو نقصان پہچانے کی کوشش کی ہے۔ ایسے غیر مناسب الزامات بد نیتی اور ہتک عزت کے زمرے میں آتے ہیں، درخواست گزار نے سیاسی مقاصد اور عوامی جزبات ابھارنے اور زیر سماعت کیسز کو متاثر کرنے کیلئے درخواست دی ہے،
پولیس نے اپنے جواب میں یہ بھی کہا ہے کہ درخواست گزار نے عدالتی فورم کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی ہے جو کہ قابل مذمت ہے۔ شرپسندوں نے ہتھیاروں سے لیس ہوکر امن امان تباہ کرنے کی کوشش کی اور وہ مقدمات زیر سماعت ہیں۔ درخواست گزار سوشل میڈیا کی جھوٹی، فضول خبروں اور قیاس آرائیوں پر انحصار کررہا ہے۔
جواب میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ درخواست گزار کے پاس الزامات کو ثابت کرنے کیلئے کسی طرح کا کوئی ٹھوس ثبوت موجود نہیں ہے۔عدالت تمام معاملات کو مدنظر رکھتے ہوئے اندراج مقدمہ کی درخواست کو خارج کرے،۔ درخواست گزاروں گل خان کے وکلاء کل درخواست پر دلائل دیں گے