
اسلام آباد۔۔ کاشف میر
تحریک انصاف آزادکشمیر کے کھاوڑہ حلقے سے پارٹی کے آرگنائزر اور امیدوارِ اسمبلی راجہ نوید کی جانب سے پی ٹی آئی پاکستان اور آزادکشمیر کی سینئر قیادت کے اعزاز میں ایک پروقار افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر صدر پی ٹی آئی آزادکشمیر و سابق وزیرِاعظم سردار عبدالقیوم خان نیازی، ممبر سی ای سی اور مرکزی رہنما محمد علی بخاری، مرکزی رہنما شعیب شاہین، سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی میر عتیق، سینئر رہنما عبد الحمید پوٹھی، سابق مشیر راجہ سبیل، انصر پیرزادہ، بیدار نقوی، عامر نزیر، راجہ فرخ ممتاز سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔
سابق وزیرِاعظم سردار عبدالقیوم خان نیازی نے کہا کہ جو لوگ پارٹی کو چھوڑ کر جا چکے ہیں، انہوں نے خود فیصلہ کر کے ہمارا امتحان ختم کر دیا ہے۔ پی ٹی آئی کو اس وقت مشکلات کا سامنا ہے، ہمارے قائد عمران خان کو قید میں رکھا گیا ہے، لیکن اس کے باوجود پاکستان میں 70 فیصد اور آزادکشمیر میں 65 فیصد عوامی حمایت پی ٹی آئی کے ساتھ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 26 میں سے 20 اراکینِ اسمبلی پی ٹی آئی کو چھوڑ کر چلے گئے، لیکن جو رہ گئے ہیں وہی اصل پارٹی کا اثاثہ ہیں۔ ہم نے ہمیشہ میرٹ کی بالادستی کو یقینی بنایا، آزادکشمیر میں عدلیہ کے بحران کو ختم کرتے ہوئے ججز کی تقرریاں میرٹ پر کیں۔ آئندہ انتخابات میں بھی پارٹی کے وفاداروں اور نظریاتی کارکنوں کو ترجیح دی جائے گی۔
پی ٹی آئی کے سینئر رہنما محمد علی بخاری نے کہا کہ ہماری پہلی ترجیح کارکنان ہیں، کیونکہ پارٹی کارکنوں کے بغیر نہیں چل سکتی۔ انہوں نے کہا کہ سیاست عوامی خدمت کا نام ہے اور اگر ہم لوگوں کو عزت دیں گے تو اللہ بھی ہمیں عزت دے گا۔ پی ٹی آئی کا نظریہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا اور آئین کی پاسداری کرنا ہے۔ پاکستان قربانیوں سے بنا ہے، اور ہم کسی بھی بدعنوان حکومت کو تسلیم نہیں کریں گے۔ ہماری جدوجہد ملک میں شعور بیدار کرنے، دہشت گردی کے خلاف جنگ اور امن کے قیام کے لیے ہے۔ بدقسمتی سے پی ٹی آئی سب کو ساتھ لے کر نہیں چل سکی، لیکن اس کمی کو دور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
میزبان راجہ نوید نے کہا کہ پی ٹی آئی نے بعض ایسے لوگوں کو انتخابی ٹکٹ دیے جنہوں نے بعد میں پارٹی سے بے وفائی کی، لیکن عبدالقیوم نیازی نے مشکل وقت میں پارٹی کا پرچم تھامے رکھا اور عمران خان کے نظریے پر ثابت قدم رہے۔ یہی حقیقی قیادت ہے جو آزمائش میں بھی اپنی وفاداری برقرار رکھتی ہے۔ عمران خان ہمیشہ کشمیر کے سفیر کے طور پر اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی فورمز پر آواز بلند کرتے رہے ہیں، اور ہم ان کے مشن کو آگے بڑھائیں گے۔سینئر رہنما عبد الحمید پوٹھی نے کہا کہ پی ٹی آئی کی سرگرمیاں پوری قوت کے ساتھ جاری ہیں، اور کارکنان اپنی محنت سے عمران خان کے نظریے کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک بہترین ملک ہے جہاں بے شمار وسائل موجود ہیں، اور اگر ہم سب مل کر محنت کریں تو اسے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں لا سکتے ہیں۔ تقریب میں شریک دیگر رہنماؤں نے بھی پی ٹی آئی کی پالیسیوں اور آئندہ کے لائحہ عمل پر روشنی ڈالی اور پارٹی کو درپیش چیلنجز کے باوجود اس کے استحکام کے عزم کا اعادہ کیا۔