
سعودی عرب نے پاکستان کے لیے حج کوٹہ میں 10 ہزار عازمین کا اضافہ کر دیا ہے، جس سے مزید پاکستانی شہری 2025 میں فریضۂ حج ادا کر سکیں گے۔ یہ پیشرفت نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود سے رابطے اور خصوصی درخواست کے نتیجے میں ممکن ہوئی۔
دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ان افراد کے لیے اضافی کوٹہ کی درخواست کی تھی جو مقررہ تاریخ گزر جانے کے باعث رجسٹریشن نہ کرا سکے تھے۔ وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر سعودی حکام کو درخواست پیش کی گئی، جس پر مثبت ردعمل دیتے ہوئے سعودی عرب نے حج کوٹہ میں توسیع کی منظوری دے دی۔
حج کوٹہ میں اس توسیع کو پاکستانی عوام کے لیے سعودی عرب کی خصوصی توجہ اور برادرانہ تعلقات کا عملی مظہر قرار دیا جا رہا ہے۔ وزارت مذہبی امور نے انتظامات مکمل کرنے کی تیاری شروع کر دی ہے تاکہ اضافی 10 ہزار عازمین کو سہولت سے فریضۂ حج ادا کرایا جا سکے۔