
بھارتی حکام نے عبدالحمید لون کی زمین ضبط کرلی
سری نگر ۔۔ مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی کے ساتھ منسلک افراد بالخصوص حریت کانفرنس کے ساتھ جڑے رہنماوں کی جائیداد کو ضبط کرنے کا سلسلہ جاری ہے ۔ بھارتی حکام نے کشمیر کے شمالی ضلع کپواڑہ میں متحرک حریت رہنما عبدالحمید لون کی جائیداد ضبط کرلی ہے۔
اطلاعات کے مطابق سٹیٹ تحقیقاتی ادارے نے کپواڑہ کے علاقے ماور کے رہائشی عبدالحمید لون کی چار کنال پر مشتمل آبائی زرعی اراضی ضبط کرلی ہے۔ عبدالحمید لون نے نوے کی دہائی میں آزاد کشمیر ہجرت کرلی تھی اوروہ یہیں مقیم ہیں۔
مقبوضہ کشمیر کی انتظامیہ نے غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون یو اے پی اے کے تحت عبدالحمید لون کی اراضی ضبط کی ہے ۔ بھارتی حکام کشمیری شہریوں کو نشانہ بنانے اور انہیں ہراساں کرنے کیلئے اس کالے قانون کا بے دریغ استعمال کرتے ہیں۔
قابض انتظامیہ نے دعویٰ کیا ہے کہ عبدالحمید لون آزادی پسند سرگرمیوں میں ملوث ہیں جس کی وجہ سے ان کی اراضی ضبط کی گئی ہے۔ قابض انتظامیہ اس دعویٰ کو کشمیری شہریوں کو انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنانے کا جواز فراہم کرنے کیلئے استعمال کرتی ہے ۔ضبط کی گئی اراضی پر قابض انتظامیہ کی طرف سے عبدالحمید لون کی اراضی پر نصب کئے گئے نوٹس کے مطابق اس اراضی کی خرید و فروخت اور منتقلی پر پابندی عائد کی گئی ہے۔