
وزیر اعظم نے ایران پر حملے کی مذمت کر دی
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ایران کے صدر مسعود پیزشکیان سے ٹیلیفون پر گفتگو کی۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے ایران پر امریکی حملوں کی شدید مذمت کی۔
وزیر اعظم نے ایران کی برادر عوام اور حکومت کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کیا، قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی افسوس کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
انہوں نے ان تنصیبات کو نشانہ بنانے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حملے کو بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا۔
وزیر اعظم نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت ایران کے حقِ دفاع کو تسلیم کرتے ہوئے زور دیا کہ موجودہ صورتحال کا واحد حل مذاکرات اور سفارتکاری میں ہے۔ انہوں نے علاقائی کشیدگی میں کمی کے لیے فوری اور اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا اور پاکستان کے تعمیری کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ایرانی صدر مسعود پیزشکیان نے مشکل وقت میں ایران کے ساتھ کھڑے ہونے پر وزیر اعظم شہباز شریف، حکومتِ پاکستان، پاکستانی عوام اور عسکری قیادت کا شکریہ ادا کیا۔