اسلام آباد میں غیر ملکی سفارت خانوں کے نام پر فراڈ، 3 ہزار 300 شکایات رپورٹ
اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں شہریوں نے غیر ملکی سفارت خانوں کے نام پر ہونے والے فراڈ کے 3 ہزار 300 سے زائد کیسز ایف آئی اے کے سامنے رپورٹ کیے ہیں۔ ایف آئی اے ذرائع کے مطابق شکایت کنندگان سے مجموعی طور پر دس کروڑ روپے سے زائد کا فراڈ کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فراڈ کے الزامات میں سفارتخانوں میں اپوائنٹمنٹس دینے، ائیرلائن ٹکٹس اور دستاویزات کی تصدیق کے نام پر رقم ہتھیانے کے طریقے شامل ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ تین غیر ملکی سفارت خانوں نے بھی ایف آئی اے کو فراڈ کرنے والے عناصر کی شکایت درج کروائی ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق فراڈ کرنے والا گروہ جدید کمیونیکیشن ایپس کا استعمال کر رہا ہے اور رقم منتقل ہونے کے بعد یہ رقوم درجنوں نجی اکاؤنٹس میں منتقل کی جاتی ہیں۔ اس سلسلے میں دو ریڈ کی جا چکی ہیں، تاہم اب تک کسی بھی ملزم کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل نہیں ہو سکی۔ تفتیش جاری ہے اور ایف آئی اے نے شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے تاکہ مزید فراڈ سے بچا جا سکے۔